222

پاکستان میں سی پیک کے تحت 9 اقتصادی زون تعمیر کئے جائیں گے جس سے چین دنیا کے ساتھ زمینی و تجارتی روابط قائم کرسکے گا

اسلام آباد (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر حسن داؤد نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت 9 اکنامک زونز تعمیر کئے جائیں گے جس سے چین دنیا کے کئی خطوں کے ساتھ زمینی و تجارتی روابط قائم کرسکے گا۔ نومبر اوردسمبرمیں سی پیک کے حوالے سے مزید خوشخبریاں عوام کو ملیں گی۔ سی پیک ترقی کاانجن ہے جس سے دونوں ممالک کوفائدہ ہو گا۔ پاکستان اپنے ویژن 2025ء پر گامزن ہے جس کے تحت ملک دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو ایک نجی ہوٹل میں جاری صنعتی زون پر علوم کا تبادلہ کے عنوان سے ٹریننگ ورکشاپ میں خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ 2013 ء میں ہم نے سی پیک پر بات چیت کا آغاز کیا جس پر چین نے 2015ء میں ایک خطہ ایک روڈ کا ویژن متعارف کرایا۔ انہوں نے کہاکہ ساتویں جے سی سی میٹنگ رواں برس نومبر میں پاکستان میں منقد ہو گی جس میں مزید خوش خبریاں آنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2013ء میں پاکستان میں توانائی کا بحران تھا جس پر کافی حد پر ہم نے قابو پا لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سی پیک کے تحت 9 اقتصادی زون تعمیر کئے جائیں گے جس سے چین دنیا کے ساتھ زمینی و تجارتی روابط قائم کرسکے گا۔حسن داؤد نے کہاکہ ان منصوبوں سے ہماری معیشت مضبوط ہو گی اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ایچ ای سی اور چین کے مابین مفاہتمی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے ذریعے چین کے بزنس سکول پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس منصوبے کا ایک اہم ستون سکیورٹی ہے جس کے ذریعے پاکستان میں 4 لاکھ لوگوں کو روزگار ملنے کی توقع ہے۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے پر ایک باضابطہ نظام کے تحت کیاجا رہا ہے جس میں 2020ء تک اس پروجیکٹ کاآغازاور 2025 ء تک توسیع اور مزید بہتری لائے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء تک ویسٹ کوریڈور کاکام مکمل کرلیا جائے گا اور پھر ایسٹرنٹ کوریڈور پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے انڈسٹریل زون بنانے اور جاری پروجیکٹ کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اس پر کام کررہا ہے اور جلد اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر چینی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں