193

پیپلز پارٹی ملک کی سلامتی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے /سعدیہ دانش

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ نواز لیگ دوبارہ عدلیہ کے خلاف برسر پیکار ہو چکی ہے اور اداروں کے درمیان ٹکراو پیدا کر کے اپنے لئے فرار کا راستہ تلاش کر رہی ہے۔عدالتوں کے خلاف 1997 کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔پہلے انہوں نے لفظوں کے تیر و تفنگ کے کر معزز ججوں کی کردار کشی کی اب باقاعدہ اور منظم طور پر حملے کئے جارہے ہیں۔بدقسمتی کی بات ہے کہ نواز لیگ نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا اس طرح کے اقدامات جمہوریت کے لئے زہر قاتل ثابت ہونگے۔عدالتوں کی کاروائی میں خلل ڈالنا اور قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی دراصل ملکی سلامتی پر سرجیکل سٹرائیک ہے۔اور اسطرح کے منفی اقدامات سے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ملک میں انتہائی مشکل سے اور بڑی قربانیوں کے بعد جمہوری نظام پنپنے لگا ہے مگر آمریت کی کوکھ سے جنم لینے والے اس جمہوری بساط کو ہی لپیٹا چاہتے ہیں۔شاید ان کا یہ خیال ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد انکا مستقبل تاریک ہوچکا ہے اسلئے نہ رہے بانس نہ بجے بانسری۔پیپلز پارٹی اسطرح کے منفی اقدامات اور ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور سختی سے مسترد کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی ملک کی سلامتی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور کسی بھی قیمت پر غیر جمہوری اقدامات اور طرزعمل کی حمایت نہیں کرے گی۔تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا بھڑکیں مارنے والے فرار ہو گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور ہزاروں کارکنوں نے جیلیں کاٹیں کوڑے کھانے حتی کہ جانوں کا نذرانہ تک پیش کیا اور سر جھکانے کے بجائے سر کٹانے کو ترجیح دی اور عوام اور تاریخ کی عدالت میں سرخرو ٹھہرے۔نواز لیگ اپنی سیاسی غلطیوں کا ملبہ عدلیہ اور اداروں پر ڈالنا چاہ رہی ہے۔لیکن قوم انکو راہ فرار اختیار کرنے نہیں دے گی۔ آئین میں ہر ادارے کا دائرہ کار اور مینڈیٹ واضح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حفیظ سرکار پیپلز پارٹی کے منصوبوں کا افتتاح کر کے استور کے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتی۔اور استور کے باشعور عوام راما فیسٹیول میں صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی اور سیاحت کش اقدامات کو نہیں بھولے۔ حفیظ سرکار پیپلز پارٹی کے منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے پیپلز پارٹی ہی تنقید کررہی ہے جوکہ افسوسناک پہلو ہے۔صوبائی حکومت کو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے منصوبوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔کیونکہ اب تیز رفتار میڈیا کا دور ہے اور عوام پل پل کی خبر رکھتے ہیں۔اب جھوٹ اور دھوکے کی سیاست نہیں چل سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں