چترال ( محکم الدین ) اقلیتی رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا نے کہاہے ۔ کہ کالاش ویلیز کو قدرت نے انمول خزانوں سے نوازاہے ۔ جنگلات سے مزین پہاڑ اور صاف و شفاف پانی اور دل کو لبھانے والے نظارے اس کا سرمایہ ہیں ۔ جبکہ پوری دُنیا کی قدیم کالاش تہذیب سیاحوں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس لئے موجودہ وفاقی حکومت کی یہ کوشش ہے ۔ کہ آمدورفت کی سہولتیں فراہم کرکے ان وادیوں کو پوری دُنیا کے سیاحوں کیلئے کھولا جائے ۔ تاکہ یہاں سیاحتی آمدنی سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے ۔ اور غربت کا خاتمہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے تین روزہ دورۂ چترال کے موقع پر بمبوریت اور رمبور میں کالاش کمیونٹی کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اُن کے پولیٹکل سیکرٹری انیل اجمل ،کالاش عمائدین سیف اللہ ، فیضی ، وزیر زادہ ، نورشاہدین اور بہرام شاہ کے علاوہ کالاش مردو خواتین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وفاقی حکومت نے کالاش ویلیز کی سڑکوں کو این ایچ اے کے ذریعے سے بہترین صورت میں تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے ۔ اور انشااللہ نئی سڑکوں کی تعمیر کے بعد کالاش کمیونٹی کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات مل جائے گی ۔ اور سیاحتی سطح پر یہ علاقہ انتہائی اہمیت اختیار کر جائے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش قبیلے سے میرا تعلق بحیثیت ایم این اے یا عہدے کی وجہ سے نہیں ہے ۔ بلکہ کالاش لوگوں کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہوں ۔ اور ہماری یہ محبت کئی عشروں پر محیط ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میرے لئے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے ۔ کہ کالاش قبیلے کے لوگ مجھے عزت دیتے ہیں ۔ اور یہ ہماری باہمی خاندانی مضبوط تعلق کی عکاس ہے ۔ اسفن یار بھنڈارا نے کہا ۔ کہ کالاش کمیونٹی کیلئے میرے کئی پراجیکٹس بمبوریت اور رمبور میں مکمل ہو چکے ہیں ۔ جبکہ مزید منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں کالاش قبیلے کے عمائدین کے مشوروں پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میں آپ کے مسائل سننے آیا ہوں ۔ آپ بلا جھجک اپنے مسائل اور شکایت مجھ سے کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش ویلی روڈز کے حوالے سے واپسی کے بعد وزیر اعظم کو دوبارہ یاد دلاؤنگا ۔ اور بلاتاخیر اس پر کام شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات اُٹھاؤنگا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے اقلیتی رکن اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ وہ کالاش ویلی کی طرف بھر پور توجہ دیتے ہیں ۔ اور مسائل حل کرنے کے سلسلے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہیں ۔ اس موقع پر سیکرٹری ویلج کونسل اقبال نے کالاش قبیلے کی طرف سے خطاب کرتے ہوئے انجہانی ایم پی بھنڈارا کی خدمات پر تفصیل سے روشی ڈالی