305

صوبائی حکومت نے ساڑھے چارسال میں روایات، اقدار، اخلاقیات اوراسلامی کلچر کا جنازہ نکال دیا ہے؍صوبائی انفارمیشن سیکرٹری جے یوآئیحاجی عبدالجلیل جان

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز ) جمعیت علمائے اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے سیکرٹری انفارمیشن حاجی عبدالجلیل جان نے کہا ہے کہ عوام صوبائی حکومت کی گزشتہ ساڑھے چار سال کی کارکردگی نہایت مایوس ہوچکا ہے اور ان سالوں میں روایات، اقدار، اخلاقیات اوراسلامی کلچر کا جنازہ نکال دیا ہے اور ریپڈ بس سروس کا منصوبہ ناقابل عمل اور اس صوبے کے عوام کو غیر ملکی بنک کا مقروض بنانے کی ایک سازش ہے جبکہ چار سال پہلے یہی لوگ لاہور میں اسی منصوبے کو جنگلہ بس کا نام دیا تھا اور آج ان کی تقلید پر مجبور ہیں۔ اتوار کے روز چترال پریس کلب میں پا رٹی کی ضلعی امیر قاری عبدالرحمن قریشی ، جنرل سیکرٹری اور ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور ، اخونزادہ جمیل احمد، مولانا حسین احمد اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلند بانگ دعوے کرنے والی صوبائی حکومت کی قلعی اب کھل کر سامنے آگئی ہے جوکہ ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر میں اصلاحات اور کارکردگی سے لے کر صاف اور شفاف پشاور تک کے دعووں میں ناکام اور نامراد ٹھہر گئے جبکہ عوام کو روز افزوں مشکلات ، مایوسی اور تکالیف کا سامنا ہے اوریہی نہیں مغرب کے پروردہ صوبائی حکمرانوں نے آج خاندانی نظام کو بھی تہہ وبالاکر کے رکھ دی اور جائنٹ فیملی سسٹم ختم ہونے والی ہے ۔ انہوں نے ریپڈ بس سروس کے بارے میں حکومتی دعووں کی حقیقت بیان کرتے ہوئے کہاکہ پانچ سال کا منصوبہ کس طرح چھ ماہ میں مکمل ہوسکتا ہے اور ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے ساتھ قرضہ جات کی وصولی کاشیڈول بھی پانچ سالوں پر محیط ہے ۔ حاجی جلیل جان نے کہاکہ الیکشن کے قریب پی ٹی آئی جو بھی جتن کرے اپنی نااہلی اور کرپشن کو نہیں چھپا سکتے اور ایسے منصوبہ جات سے عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی بجائے اسے لینے کی دینی پڑے گی کیونکہ حقیقیت بہت جلد عوام کے سامنے آشکار ا ہوجائے گا۔جے یو آئی کے رہنمانے پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ اپنی غیر ملکی آقاؤں کی اشاروں پر مختلف حیلے بہانوں سے ملک میں عدم استحکام پھیلانے میں مصروف ہیں اور ہر روز نئی شوشے ڈھونڈ کر غیر یقینی صورت حال پید ا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ سمیت ہر ایک منصوبے میں جمعیت علمائے اسلام ملک ، قوم اور فوج کے ساتھ ہے اور سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے نتائج کے اعتبار سے جے یو آئی اب صوبے کا سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور موجودہ حکومت کی خراب ترین اور انتہائی مایوس کن کارکردگی سے آئندہ انتخابات میں جے یو آئی کی کامیابی یقینی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے کے احیاء پر سنجیدگی سے کام ہورہا ہے اور اس میں شامل تمام سیاسی دینی جماعتیں پرا مید ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چترال میں آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے ساتھ انتخابی اتحاد کے لئے مقامی نظم کو بااختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مقامی جماعت کی صفوں میں کوئی دراڑ نہیں اور حاجی غلام محمد کی پی پی پی میں شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر نظریاتی ورکرنہیں تھا اور پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے خوف سے پارٹی سے چلتا ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں