182

صوبے میں زیر تعمیر کالجز کی ایس این ایز تیار کرنے اور مکمل ہوجانے والے کالجز کو فعال بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں زیر تعمیر وہ تمام کالجز جو تکمیل کے مراحل میں ہیں، اُن کی ایس این ایزتیار کرنے جبکہ مکمل ہوجانے والے کالجز کو فعال بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کے تحت سکولوں کی تعمیر کیلئے مطلوبہ اخراجات کا کیس تیار کرکے بھیجنے ، زیر تعمیر سکولوں اور سکولوں کی اپ گریڈیشن پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان ، مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اوردیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کالجز اور پرائمری سکولوں کی تعمیر ، سکولوں کی پرائمری سے مڈل اور ہائی سے ہائیر سیکنڈری اپ گریڈیشن پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جو کالجز مکمل ہوتے جائیں اُنکی ایس این ایز بھی بروقت مکمل ہونی چاہئیں اور کالجز حقیقی معنوں میں فعال ہونے چاہئیں۔اس سلسلے میں مطلوبہ تقاضے تیز رفتاری سے پورے کئے جائیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام2017-18 کے تحت زیر تعمیر پرائمری سکولوں میں سے 75 فیصد مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 450 سکول دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے ۔وسائل کی بروقت فراہمی کی صورت میں تمام پرائمری سکول مکمل کئے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں مطلوبہ اخراجات کا کیس طلب کرتے ہوئے کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعلیم کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شروع دن سے سرفہرست رہا ہے ۔ صوبہ بھر میں زیر تعمیر سکولوں اور کالجوں کا معیار یقینی بنایا جائے اور مکمل ہوجانے والے تعلیمی اداروں کی بلاتاخیر فعالیت کیلئے بروقت اقدامات ہونے چاہئیں۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں