216

پاک فوج کے زیر اہتمام 70 ویں یوم آزادی موٹر کار ریلی دیامر پہنچ گئی، شانداراستقبال

چلاس(مجیب الرحمان)پاک فوج کے زیر اہتمام خنجراب سے چلنے والی امن و محبت ،سیاحت، ثقافت کی پرچار موٹر کار ریلی سینکڑوں کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے دیامر پہنچ گئی۔اہالیان دیامر کی جانب سے جگہ جگہ پر ریلی کا پرتپاک استقبال ہزاروں لوگوں نے چلاس زیرو پوائنٹ پر بھی ریلی کے شرکاء کا زبردست خیر مقدم کیا۔ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے خیر مقدمی بینرز سے زیرو پوائنٹ کو سجایا گیا تھا۔جبکہ سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی بھی خنجراب سے چلنے والی کار ریلی میں شامل ہو گئی۔اور تاریخی درہ بابوسر سے خیبر پختون خواہ کے علاقے ناران کاغان کی جانب رخصت کیا۔ریلی کے شرکاء نے والہانہ استقبال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اہالیان دیامراور گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ بہترین مہمان نواز اور امن پسند لوگ ہیں۔جس انداز سے استقبال کیا گیا اس سے بے حد متاثر ہیں۔دنیا کو پیغام دینا چاہیں گے کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے۔ہمیں ایسا لگ رہا ہے کہ ہم اپنے گھر میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔غیر ملکی سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ملک میں ضرور آئیں یہاں پر امن و مان کا کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔آپ آئیں اپنے لوگوں سے بڑھ کر کھلے دل سے استقبال کریں گے۔خنجراب سے لے کر دیامر تک کا سفر خوشگوار اور شاندار رہا۔ریلی کے ذریعے دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ایک مہذب مہمان نواز قوم ہیں۔ریلی سے ٹورازم کو فروغ ملے گا اور ایک اچھا پیغام دنیا تک پہنچ جائے گا۔ریلی کے شرکاء نے پاک فوج،سیکیورٹی اداروں ،انتظامیہ ،پولیس اور دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریلی کے شرکاء کے ساتھ بہت تعاون کیا اور بہترین انتظامات کئے۔ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک نے زیرو پوائنٹ پر ریلی کے استقبال کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دیامر کے عوام نے اپنے مہمانوں کا شاندار استقبال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ دیامر کے عوام اپنی روایات اور ثقافت کے آئینہ دار اور پر امن قوم ہیں۔دیامر کو جن بنا کر پیش کیا جاتا رہا مگر دیامر کی عوام نے تمام مفروضوں کو اپنے اچھے کردار سے مسترد کر دیا ہے۔چائینیز کار ریلی ہو یا سی پیک کے معاملات کہیں بھی کسی بھی جگہ کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی اور بہترین تعاون کا مظاہرہ کیا۔ٹورسٹ سیزن میں سیاحوں کی حفاظت کے لئے رضاکاروں کی فوج نے کلیدی کردار ادا کیا۔یہاں کے لوگ خود اپنے علاقے اور مہمانوں کی حفاظت کر کے اچھے نیت کی نمائش کی ہے۔ڈپٹی کمشنر دیامر نے ریلی کی بہترین انداز میں استقبال اور انتظامات پر تمام سیکیورٹی اداروں پولیس ،انتظامیہ میڈیا اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں