252

عمران خان کی نام نہاد تبدیلی نے پختونوں کو پریشانیوں اور مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا: بلاول بھٹو

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب ہر قیمت پر ہر طرح کا ہتھکنڈا استعمال کرکے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں اور وزیراعظم ہاوس پہنچنے کے لیے ہر کام کرنے پر تیار ہیں، عمران خان امپائر کی طرف دیکھتے دیکھتے اپنی بینائی کھو بیٹھے ہیں اور اس انتظار میں ہیں کہ کب امپائر کی انگلی اٹھے اور ناچنا شروع کردیں،نا اہل میاں صاحب کی حکومت نے عوام کو دھوکا دیا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہونے کی بجائے اسحاق ڈار کا بینک بیلنس بڑھتا رہا، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔پشاور کے علاقے زنگلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو ان کا حق دلوایا اور پیپلز پارٹی نے ہی 18 ویں ترمیم کے صوبوں کو ان کے جائز حقوق دلوائے اور عوام کی خواہش کے مطابق صوبے کا نام خیبر پختونخوا رکھا گیا۔عمران خان کی نام نہاد تبدیلی نے غیرت مند پختونوں کو پریشانیوں اور مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ لیگی قیادت نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھنسا دیا ہے ، سیاست میں جتنا گند انہوں نے پھیلایا اس کی کوئی مثال نہی ملتی۔ عمران خان دوسروں پر الزام لگا کر خود کو فرشتہ ثابت کرنا چاہتا ہے، خان صاحب بتائیں آپ کے صوبے میں کون سی تبدیلی آئی ہے، کے پی میں ان کی ناک کے نیچے کرپشن ہو رہی ہے، بلین ٹری منصوبے سے ہریالی تو نہیں آئی البتہ ان کی جیبیں ضرور بھر گئی ہیں۔عمران خان جو پوری دنیا میں تبدیلی کا ڈھول پییٹ رہا ہے کیا یہ تبدیلی لے آیا ہے، جس شخص کو اپنی زبان پر قابو نہیں وہ اس عظیم قوم کی کیسے رہنمائی کرسکتا ہے، نااہل میاں صاحب کی حکومت نے عوام کو دھوکا دیا، وہ اس وقت تک کرسی سے چمٹے رہے جب تک عدالت نے انہیں نااہل نہیں کیا، جیسے میاں صاحب کی ترقی دھوکا ہے اسی طرح خان صاحب کی تبدیلی جھوٹ ہے۔اس وقت خوشحال پاکستان نہیں بلکہ شریف خاندان ہو رہا ہے،نا اہل نواز شریف کی طرح وفاقی حکومت بھی نا اہل ہے۔ خیبر پختونخوا کے با غیرت عوام اٹھیں اور26اکتوبر کو نام نہاد تبدیلی اور نا اہل خوشحالی کو شکست دے کر پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں