202

حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اورعوام کی فلاح و بہبودکےلئےپرعزم,پاک چین اقتصادی راہدری سےبے پناہ فائدہ

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پر عزم ہے ، گلگت بلتستان میں جمہوری اقدار اور جمہوریت کا احسن انداز میں تسلسل خوش آئند ہے ، پاک چین اقتصادی راہدری سے علاقے کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں گلگت بلتستان کونسل کے 11ویں بجٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں گورنر گلگت بلتستان کونسل کے وائس چیئرمین اور گورنر میر غضنفر علی خان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیط الرحمن، گلگت بلتستان کونسل کے ارکان ، اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل اور پر امن انتقال اقتدارنہایت خوش آئند امر ہے ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس تسلسل سے ہونا چاہییں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ ہماری حکومت نہ صرف منصوبے شروع بلکہ انہیں مکمل بھی کرتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے حقیقی معنوں میں کام کیا۔ وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کے حوالے سے کہاکہ اس علاقے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اس علاقے میں کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری اس علاقے سے بھی گزر ے گی جس سے علاقے کے بے پناہ فوائد حاصل ہو ں گے اور یہ فوائد صدیوں تک چلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی عوام منفرد حیثیت کے حامل اور پاکستان سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے اس علاقے کی ترقی اور عوام کی ببود کے لئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس علاقے کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور علاقے کی ترقی کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔ قبل ازیں وزیر اعظم جب سکردو ایئرپورٹ پہنچے تو گورنر میر غضنفر علی خان ، وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن، کونسل کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں