253

گذشتہ چارسالوں سے وفاقی حکومت ترقیاتی کاموں کا جال اس ضلعے میں بچھانے میں کوکسرنہیں چھوڑی ہے ۔ایم این اے شہزادہ افتخارالدین

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) پاکستان بیت المال نے چترال میں خواتین کے لئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی ) میں تربیت حاصل کرنے کے لئے ٹریننگ سنٹر میں جدید سہولیات فراہم کی جس میں سینکڑوں خواتین ایک سال اور چھ ماہ کی دورانیے کی تربیت حاصل کررہی ہیں جوکہ اس پسماندہ ضلعے میں خواتین کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تعلیم کی فراہمی میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخار الدین نے سنٹر میں یونیورسل سروسز فنڈ کی مالی معاونت سے قائم ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا اور خواتین کو آئی سی ٹی میں دی جانے والی سہولیات اور تربیت پر اطمینان کا اظہارکیا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززیں شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے ڈسٹرکٹ افیسر محمد یونس نے بتایاکہ 1995ء سے پاکستان بیت المال اس ضلعے میں نادار بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم دیتے ہوئے مفت یونیفارم، کتاب اور وظائف دے رہی ہے جبکہ2005ء میں ادارے کے دستکاری سنٹر سے 1238خواتین مختلف ٹریڈوں میں تعلیم اور ہنر حاصل کرکے روزگار حاصل کرتے ہوئے پھلتے پھولتے معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی ٹی پراجیکٹ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور پاکستان بیت المال کے ایم۔ ڈی بیرسٹر عابد وحید شیخ کی وژن کا مْطہر ہے جس میں خواتین کو سافٹ کمپیوٹنگ اور کپوزنگ کی تربیت فراہم کی جارہی ہیں ۔ ایم این اے شہزادہ افتخارالدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کی اس پسماندہ ضلع میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے اس میں جدت پید اکرتے ہوئے اسے جدید خطوط پر استوارکردیا ہے جس سے غربت کا خاتمہ آسان تر ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے یونیورسل سروسز فنڈ کے ذریعے چترال کے 96فیصد ایریا میں موبائل ٹیلی فون کی کوریج کوممکن بنادیا جوکہ اس علاقے پر ان کا بہت بڑااحسان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیلیفون بھی لواری ٹنل پراجیکٹ کی طرح اب کوئی سیاسی نعرہ نہیں رہا اور گزشتہ چار سالوں کے دوران میاں نواز شریف نے جس ریکارڈ حجم میں ترقیاتی کاموں کا جال اس ضلعے میں بچھانے کے اقدامات کئے ہیں، اس کی نظیر کہیں نہیں ملتی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پی ایس ڈی پی کے روان سال کے دوران ضلع چترال سب سے ٹاپ پر ہے ۔ شہزادہ افتخارالدین نے کہاکہ ہم گلی گلی تقریر کرکے اپنی خدمات گننے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے جس کا غلط مطلب نہ لیا جائے کیونکہ میڈیا کے اس ترقی یافتہ دور میں تمام حقائق عوا م الناس کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ اجتماعیت کی بات کی ہے اور میرے والد محترم شہزادہ محی الدین کا بھی یہی وطیرہ تھا جس نے ہر کہیں اجتماعی بات کی اور پوری قوم کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں اب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے directiveکے مطابق ویمن یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جس کی فیزیبیلٹی پر کام شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں سات مقامات پر گیس پلانٹ کا قیام بھی موجود ہ حکومت کا چترالی عوام کے لئے تخفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چترال بھر میں بجلی کا مسئلہ بھی ہمیشہ کے لئے حل ہونیکی طرف جارہی ہے کیونکہ گولین گول ہائیڈل پاؤر پراجیکٹ سے 36میگاواٹ بجلی اس سال دسمبر میں ضلع کو دی جارہی ہے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ اپر چترال میں پیڈو کے صارفین کو بجلی کی فراہمی کے لئے پیسکو کے ساتھ معاہدہ طے کرنے میں مزید تاخیر نہ کیا جائے۔ انہوں نے سنٹر کے طالبات کے لئے اپنی طرف سے پچاس ہزار روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں