190

ماحولیاتی شعبے میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر ایس آر ایس پی کو عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا

چترال (نامہ نگار) سرحد رورل سپورٹ پروگرام(SRSP) کو ماحولیات کے حوالے سے گران قدر خدمات کے اعتراف میں نیشنل انرجی گلوب ایوارڈ سے نواز ا گیا ہے۔گذشتہ دنوں اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران ایس آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہزادہ مسعود الملک نے آسٹریلین ہائی کمشنر ڈاکٹر بریگیٹا اور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔ یہ ایوارڈ یونیسکو ، UNEPاور آسٹریلیا کے اشتراک سے ماحولیات کے حوالے سے دنیا کا بہت بڑا ایوارڈ ہے۔ اس ایوارڈ کیلئے دنیا بھر کے 178ممالک سے دو ہزار سے زیادہ درخواستیں دی گئی تھیں اور پاکستان سے ایس آر ایس پی کواس ایوارڈ کیلئے چنا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہزادہ مسعود الملک نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس آر ایس پی نے صوبائی حکومت اور یورپین یونین کی مالی معاونت سے اب تک صوبہ خیبر پختونخوا میں 331مائیکرو ہائیڈل پراجیکٹ مکمل کیا ہے۔ جس سے 28میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کے ساتھ تقریبا 90ہزارآبادی مستفید ہورہی ہے۔ سرحد رورل سپورٹ پروگرام کو ماحولیات کے حوالے گرانقدر خدمات پر عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں