280

تحصیل مستوج کی سیاسی قیادت نئے قائم ہونیوالے ضلع کا نام اپر چترال رکھنے پر متفق؛بونی میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ

بونی(سرفراز شاہد)تحصیل مستوج کے سیاسی زعماء نے ایک اجلاس میں مشاورت کے بعد نئے قائم ہونے والے ضلع کے نام پر اتفاق کرلیا ہے اور مشترکہ طور پر نئے ضلع کے لئے ضلع اپر چترال نام تجویز کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل ناظم مستوج مولانا محمد یوسف کی صدارت میں بونی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے راہنما اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندگان و دیگر عمائدین نے شرکت کیں ۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی راہنماء اور ممبر ضلع کونسل عبدالطیف بھی موجود تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سربرا ہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے 8نومبر کو ہونے والے دورے اس سلسلے میں تیاریوں سمیت نئے ضلع کے قیام کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے راہنماؤں نے صوبائی حکومت کی طرف سے ضلع کے قیام کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے اس پر مسرت کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں مختلف امور پر تجاویز کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نئے قائم ہونے والے ضلع کا نام ’’اپر چترال‘‘ ہونا چاہئے کیونکہ اس پر نام تمام سیاسی جماعتیں، بلدیاتی نمائندگا ن اور زعماء متفق ہیں ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کر لیا گیا کہ عمرا ن خان اور وزیر اعلیٰ کے دورے کو کامیاب بنایا جائیگا اور تمام تر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر انکا استقبال کیا جائیگا۔اس اہم مشاورتی اجلاس میں تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف اور پی ٹی آئی کے راہنماء عبدالطیف کے علاوہ جماعت اسلامی کے موڑکہوسے ممبر ضلع کونسل مولانامحمد جاوید، پی پی پی کے کھوت سے ممبر ضلع کونسل قیوم بیگ، جے یو آئی کیشاگرا م سے ممبر تحصیل کونسل ریٹائرڈ ایس پی سعید خان لال،جے یو آئی کے کوشٹ سے ممبر تحصیل کونسل انعام لال، پی پی پی کے حمید جلال، رحمت سلام، پرویز لال، حسین، افضل قباد، وور محمد ،اے این پی کے قربان علی سمیت دیگر مختلف ویلج کونسلوں کے ناظمین ، نائب ناظمین و ممبرا ن اور معتبرات نے شرکت کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں