Site icon Daily Chitral

بھارت ماضی کاسبق دہراناچاہتاہے، کا مطلب یہ ہے کہ وہ 1965ء کا سبق بھول چکا ہے،وزیربلدیات عنایت اللہ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ بھارت ہماری سرحدوں پر گولہ باری و جارحیت کا ارتکاب کرکے اور معصوم شہریوں کو شہید اور زخمی کرکے ماضی کو دہرانا چاہتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ 1965ء کا سبق بھول چکا ہے اور پاکستانی قوم کو للکار کر نیا سبق سیکھنا چاہتا ہے اس کا اظہار انہوں نے دیر بالا میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر رابطہ عوام دورے کے دوران لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا عنایت اللہ نے واضح کیا کہ اہل دیر سمیت پوری قوم کو بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پر انتہائی تشویش ہے تاہم ایٹمی ملک ہونے کے ناطے ہم نے اب تک صبر و برداشت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور ایک مہذب اور ذمہ دار قوم ہونے کا پورا ثبوت مہیا کیا ہے البتہ اب ہمارا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے اور آئندہ جارحیت کے ارتکاب اور پاکستانی شہریوں کو مزید نقصان پہنچنے پر ہماری جری افواج کوئی بھی راست اقدام اٹھانے میں بالکل حق بجانب ہونگی کیونکہ کوئی بھی قوم ہمسایہ ملک کی جارحیت اور شہریوں کے جان و مال کا نقصان کسی قیمت پر برداشت نہیں کر سکتی عنایت اللہ نے خبردار کیا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو اور کسی بھی جارحیت کا خمیازہ اسے آئندہ کئی نسلوں تک بھگتنا پڑ سکتا ہے ایک ایٹمی ملک کی ہمسایہ ایٹمی ملک سے چھیڑ چھاڑ کوئی کھیل تماشہ نہیں ہوتا بلکہ بہت بڑی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ پاکستان نے موجودہ نازک صورتحال سے بھارت کے علاوہ اقوام متحدہ اور پوری عالمی برادری کو اگاہ کر دیا ہے اور سب کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے خطے میں دائمی قیام امن اور بین الاقوامی خوشحالی کیلئے اپنی ذمہ داری نبھانے کا احساس دلا دیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام تسلی رکھیں پاکستان کی منتخب حکومتیں اور نڈر افواج انہیں ہر گز مایوس نہیں کرینگی بلکہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ملک و قوم کے وقار میں اضافے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گی۔
<><><><><>
سیکرٹری بلدیات کا مردان میں ترقیاتی سکیموں کا معائنہ
پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا کے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید جمال الدین شا ہ نے دورہ مردان میں مردان ترقیاتی ادارہ کے دفاتر اور شہر میں ادارے کے تحت مختلف ترقیاتی سکیموں پر جاری کام کا معائنہ کیا اور ان پر ہونیوالی پیشرفت سے اگاہی حاصل کی انہوں نے عملے کو یونیفارم پہننے کی لازمی پابندی کرنے،ہفتہ کے سات دن کام یقینی بنانے اور ہفتہ وار چھٹی پر متبادل اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگاکر ترقیاتی سکیمیں ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے ترقیاتی پروگرام کے تحت شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں ندی نالوں کے ترقیاتی کام اور حفظان صحت کی سکیموں کا بطور خاص معائنہ کیا اور موسمی تغیرات کے پیش نظر نکاسی آب کا نظام زیادہ بہتر بنانے کی ہدایت کی سیکرٹری بلدیات نے کلپانی سیور ج اور دیگر بڑے نالوں کے نکاس سکیم کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہر کا سیلابی پانی نکلنے کا انحصار اسی پر ہے جبکہ نکاس سکیموں پر شبانہ روز کام کرکے مکمل کرنا ضروری ہے ادارے کے ڈائریکٹر نے انہیں شہر کی خوبصورتی، ترقیاتی اور نکاس کی تمام سکیموں کی تفصیلات سے اگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبہ بندی میں آئندہ دو عشروں کی ضروریات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جمال الدین شا ہ نے سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کا ہر قیمت پر خیال رکھنے کی ہدایت کی۔

Exit mobile version