242

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا ا جلاس

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق کابینہ کمیٹی کے ا جلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مشترکہ تعاون کمیٹی کے آئندہ ساتویں اجلاس کے تناظر میں مختلف چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ اور منصوبہ بندی کمیشن کے وزیر احسن اقبال نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مجموعی ڈھانچے، اس کے ادارہ جاتی فریم ورک، منصوبوں کی صورتحال، ان پر پیش رفت اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیشرفت اور ان منصوبوں کے مکمل ہونے کی تاریخوں کا جائزہ لیا۔ ریلوے ڈویژن نے ایم ایل ون منصوبے کی فزیبلٹی سمیت اس کے ڈیزائن اور سرمایہ کاری منصوبے کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ ایوی ایشن ڈویژن نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیزائن اور سرمایہ کاری کے منصوبے سے متعلق آگاہ کیا۔ کابینہ کمیٹی کو گوادر پاور پراجیکٹ، کروٹ اورکوہالہ پن بجلی منصوبوں، مٹیاری لاہور، مٹیاری فیصل آباد، ایچ وی ڈی سی لائنز اور تھر میں کوئلے سے چلنے والے منصوبوں سمیت توانائی کے شعبہ کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ توانائی منصوبوں پر نمایاں کام مکمل ہو چکا ہے جو کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بڑے حصے پر مشتمل ہے۔ کمیٹی کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوںکی سیکورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں