375

چترال میں 506 میگاواٹ توانائی کے 3 منصوبے شروع کرنے کی منظوری

خیبرپختونخوا حکومت نے حکومتی سطح  پر کام کرنے والی پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسٹرکشن کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیواو) کو ضلع چترال میں 506 میگاواٹ کے 3 پن بجلی کے منصوبے فوری طور پر شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے جبکہ توانائی کے تمام منصوبوں کی مالی اور ٹیکنیکی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منصوبوں کا ششماہی آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ چیئرمین پیڈو بورڈ صاحبزادہ سعید احمد کی زیر صدارت پیڈو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 21ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی انجینئر نعیم خان، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ارشد نوید، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ مس شاہانہ، پیسکو چیف انجینئر شبیر احمد جیلانی، سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر زاہد شنواری، سکندرخان، عبداللہ شاہ اور فواد اسحاق نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایف ڈبلیو او کے ذریعے ضلع چترال میں پن بجلی کی پیداوار کے تین منصوبوں لاسپور موجی گرام ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 230 میگاواٹ، شوشگئی زھنڈولی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 144 میگاواٹ اور شوگوسن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 132 میگاواٹ شروع کرنے کے بارے میں مینجمنٹ اورٹیکنیکل کمیٹیوں کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور 503 میگاواٹ کے مجموعی پیداوار کے تین منصوبوں کو ایف ڈبلیواو کو دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پیڈو بورڈ نے توانائی کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر اصولی اتفاق کیا کہ توانائی کے تمام جاری اورمکمل ہونے والے منصوبوں کی مالی اور ٹیکنیکل مانیٹرنگ کے لئے سال میں دومرتبہ ششماہی کی بنیاد پر آڈٹ کیاجائے گا تاکہ مالی اور انتظامی امور کو شفاف طریقے سے چلایا جاسکے اور اس میں کرپشن کا زیروع مل دخل ہو۔

بورڈ کو کہا گیا کہ صوبے میں اپنے وسائل سے پیدا ہونے والی 56 میگاواٹ پن بجلی صنعتی شعبے کے استعمال میں لانے کے لئے ‘کے پی ازمک’ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ توانائی کے منصوبوں کا دائرکار بڑھانے کے لئے ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈز ایکٹ میں ترمیم لانے کے سلسلے میں صوبائی اسمبلی میں بل پہلے ہی پیش کیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈز تبدیل ہوکر انرجی ڈویلپمنٹ فنڈز کی شکل اختیارکرلے گا۔ اجلاس میں پیڈو ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی مختلف تجاویز پر غورکیا گیا اور اسکے حل کے لئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے پر زوردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں