203

امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے اور امتحانی پرچوں کی چیکنگ کیلئے digitizeسافٹ ویئر ز لگائے جائیں گے،محمدعاطف

صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کو ہدایات کو جاری کردی گئی ہے کہ امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے اور امتحانی پرچوں کی چیکنگ کیلئے digitizeسافٹ ویئر ز لگائے جائیں گے اور یہ تمام عمل تین مہینوں کے اندر اندر مکمل کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات کی بدولت سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں فرق آیا ہے ۔انہوں نے یہ باتیں تڑون شادی ہال مردان میں سٹی سکولز کی طرف سے پوزیشن ہولڈر طالب علموں اور بہترین کارکردگی والے اساتزہ میں انعامات تقسیم کرنے کے تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیں۔ اس موقع پر ایم این اے علی محمد خان ، مردان تعلیمی بورڈ کے چیئرمین شوکت حیات ، طالب علموں کے والدین ، فیکلٹی ممبران اور طالب علم موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے اور اس ضمن میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم کررہی ہے۔اس ریگولیٹری اتھارٹی کا بنیادی مقصد پرائیویٹ سکولوں کیلئے گائیڈ لائن بنانے کیساتھ ساتھ ، طالب علموں کے فیسوں کا تعین ، اساتذہ کی ٹریننگ ، اساتذہ کی تنخواہوں کا تعین ، سلیبس کی تیاری، وغیرہ شامل ہیں۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ اس اتھارٹی میں پرائیویٹ سکول کے نمائندے ، سرکاری نمائندے ، والدین اور ماہر تعلیم شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سکول ایک ساتھ کام کرکے قوم اور ملک کو ایک تعلیم یافتہ اور کامیاب نسل دیں تاکہ ہمارا آنے والا کل روشن ہو۔محمد عاطف خان نے اپنے دور حکومت میں تعلیمی میدان میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ مردان میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کے بعد 6ڈیپارٹمنس نے کام شروع کیا ہے جبکہ 11ڈیپارٹمنٹس عنقریب کام شروع کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کیلئے بنائے گئے ہوم اکنامکس کالج بھی بہت جلد کام شروع کرے گا۔ جبکہ انجینئرنگ یونیورسٹی مردان بھی ایک انقلابی قدم ہے جس سے عوام کو بہت فوائد ملیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ ایکول فاطمہ الفہری سکول 87کنا ل رقبے پر زیر تعمیر ہے جس پر 32 کروڑ روپے خرچہ آرہا ہے ۔ جبکہ گرلز کیڈٹ کالج مردان نے بھی کام شروع کیا ہے۔ جہاں پر لڑکیوں کی پڑھائی کیساتھ ساتھ تربیت بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ صوبائی حکومت نے امن قائم کیا ، ادارے بحال کئے اور نئے تعلیمی ادارے بنائے۔ اور اب کراچی اور پنجاب سے لڑکیاں داخلے کیلئے گرلز کیڈٹ کالج مردان آرہی ہیں۔ محمد عاطف خان نے پوزیشن ہولڈر ز طلباء اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ اور ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو سرٹیفکیٹ اور ایوارڈ دئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں