224

موڑ کہو اور تور کہو کے سفری مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹر کاغلشٹ میں تعمیر کیا جائے؍عمائدین کاپریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) تور کہو کے عمائدین ایس پی (ر) محمد سید خان لال ، وقاص احمد ایڈوکیٹ ، محمد نواب ایڈوکیٹ ، جمشید احمد ، محمد ایوب ، میر کمال الدین اور عصمت اللہ نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، چیف سیکرٹری سے پُر زور مطالبہ کیا ہے ۔ کہ موڑ کہو اور تور کہو کے سفری مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹر کاغلشٹ میں تعمیر کیا جائے ۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب رتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ قائد تحریک انصاف عمران خان ، وزیر اعلی پرویز خٹک کی طرف سے اپر چترال ضلع کا اعلان انتہائی خوش آیند ہے ۔ جس کیلئے تورکہو کے عوام اُن کا اور شہزادہ سکندرالملک کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ لیکن تحصیل ہیڈ کوارٹر موڑکہومیں تعمیر ہونے سے تورکہو کے لوگوں کو مزید سفر کی مشکلات برداشت کرنے پڑیں گے ۔ اس لئے دونوں علاقوں کے عوام کے بہتر مفاد میں ہیڈ کوارٹر کیلئے کاغلشٹ سب سے مناسب جگہ ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وافر مقدار میں سرکاری زمین موجود ہے ۔ جو کہ آیندہ کی تعمیری ضروریات کیلئے کام آئے گا ۔ اور زمین کے سلسلے میں آیندہ بھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے تورکہو کے وارڈوں کی نئی حلقہ بندیوں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ اور کہا ۔ کہ افسوس کا مقام ہے ۔ کہ حلقہ بندیاں قائم کرنے کے دوران مقامی ذمہ دار افراد سے نہیں پوچھا گیا ۔ اب نئی حلقہ بندیاں غیر بمناسب محل وقوع کے ساتھ قائم کی گئی ہیں ۔ جو انتخابی امور کی انجام دہی کے دوران مسائل پیدا کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ضرورت اس بات کی تھی ۔ کہ ضلع کے اعلان سے پہلے اس پر ہوم ورک کیا جاتا ۔ اور تورکہو کے لوگوں کے تحفظات دور کئے جاتے۔ جو کہ نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے فوری طور پر حلقہ بندیوں کو درست کرنے اور تحصیل ہیڈ کوارٹر کاغلشٹ میں قائم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اور کہا ۔ کہ متعلقہ سٹیشن کی تعمیر تک ایس ڈی پی او آفس کو بونی میں ہی رکھا جائے ۔ تاکہ لوگوں کو آسانی ہو ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں