260

چترال میں نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ منشیات کے سمگلروں کو جیلوں میں ڈالا جائے گا ؍ڈی سی ارشادسودھر؍ڈی پی اومنصورامان

چترال ( محکم الدین ) ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے کا ہے ۔ کہ چترال کے امن کو برقرار رکھنے میں یہاں کے عوام ، علماء ،سیاسی قائدین اور میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ چترال کو ملک کے دوسرے حصوں میں امن کے حوالے سے بطور مثال پیش کیا جاتا ہے ۔ جو کہ قابل تعریف وستائش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے آفس میں میڈیا کے نمایندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نوتعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال کیپٹن منصور آمان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین ، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبد الاکرم بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ موجودہ حالات میں جبکہ ملک میں کشیدگی کی فضا ہے ۔ میڈیا پر مزید ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ تاکہ وہ حالات کو سدھارنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میڈیا وہ ہتھیار ہے ۔ جس کی اہمیت سے ا نکار نہیں کیا جا سکتا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ امن کے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے منفی لوگوں کی حوصلہ شکنی انتہائی ضروری ہے ۔ تاکہ آیندہ وہ لوگ اپنے غلط سوچوں کو پروان چڑھانے اور ماحول میں تناؤ پیدا کرنے سے باز رہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سرکاری آفیسران وقتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کیلئے تعینات کئے جاتے ہیں اس لئے امن کے استحکام میں سب سے زیادہ فائدہ مقامی لوگوں کا ہے ۔ کیونکہ پُر امن ماحول ہی ترقی کی ضامن ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ انہوں نے اپنی چترال میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے ساتھ ہی کئی امور پر کام شروع کر دیا ہے ۔ اور عوام کی طرف سے ان کاموں کی پذیرائی کی جا رہی ہے ۔ میری خواہش ہے ۔ کہ چترال کو وہ کچھ ہم دیں ۔ جن کی اس علاقے کو ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم نے چترال کو صاف سُتھرا بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے نئی جگہ خرید لی ہے ۔ اور روزانہ کچرے اُٹھائے جارہے ہیں ۔ تاہم جہاں اب بھی اس حوالے سے مسئلہ درپیش ہے ۔اُس پر بھی کام کیا جائے گا ۔ انہوں نے ریحانکوٹ ایریا میں کچرے کی صفائی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم کو اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ چترال کوپولی تھین شاپنگ بیگ سے نجات دلانے کیلئے عملی قدم اُٹھایا ہے ۔ اور 28نومبر سے چترال شہر کے گھر گھر کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے جائیں گے ۔ جس میں ٹاسک فورس کے رضاکار وں کی خدمات حاصل کئے جائیں گے ۔ اُس کے بعد پولی تھین بیگز پر مکمل طور پر پابندی لگائی جائے گی ۔ صفائی کے سلسلے میں گھر گھر کمپین بھی پروگرام میں شامل ہے انہوں نے کہا ، ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ امسال پنجاب سے صاف و شفاف گندم لایا جائے گا ۔ تاکہ عوام کو صحیح معنوں خوراک مل سکے ۔ ڈپٹی کمشنر چترال میں ٹورزم کو فروغ دینے کیلئے اپنے اقدامات کا ذکر کیا ۔ اور کہا ۔ کہ چترال بھر میں ٹورسٹ کو سہولیات دینے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کو شش کی جائے گی ۔ کالاش ویلز کو چیرلفٹ کے ایک چین کے ذریعے ایک دوسرے سے ملا یا جائے گا ۔ اور سیاحوں کو تفریح کے بے پناہ مواقع اور سہولیات میسر ہوں گے ۔ اور اس کیلئے 800ملین روپے کے پروپوزل پیش کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن منصور امان نے خطاب کرتے ہوئے اس ا مر کا اظہار کیا ۔ کہ پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، اور اُن کو میڈیا کے نمایندوں کی مشکلات کا بھی پورا علم ہے ۔ تاہم اُنہیں اس بات کا یقین ہے ۔ کہ باہمی روابط بہت سارے مسائل کو حل کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اگر پہاڑ اور محل وقوع کسی علاقے میں امن قائم کرتے تو پاکستان میں کئی ایسے علاقے موجود ہیں ۔ جہاں یہ چیزیں ہونے کے باوجود امن نہیں ہے ۔ اس لئے چترال کا امن اس علاقے کے لوگوں کی وجہ سے ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ منشیات کے سمگلروں کو جیلوں میں ڈالا جائے گا ۔ اُن سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ، جبکہ منشیات استعمال کرنے والے نوجوانوں کو رضاکارانہ کاموں میں لگا کر اُن کی اصلاح کی جائے گی ۔ ڈی پی او نے کہا ۔ کہ وہ خود ایک ٹورسٹ کے طور پر کئی ممالک کا اور اندون ملک کی سیر کر چکے ہیں اس لئے اُنہیں ایک سیاح کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ۔ اس لئے چترال میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولت دینے کی کو شش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا ۔ اس موقع پر صحافیوں نے چترال کی مجموعی صورت حال کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈی سی اور ڈی پی او نے رضاکار نوجوانوں محمد صابر اور شیرازی میں رضاکار کارڈ تقسیم کئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں