228

ملک بھرمیں گزشتہ 28 گھنٹوں سے بلاک کی گئیں سوشل سائٹس رات 8 بجے کے بعد بحال کردی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے چینلز کی نشریات کو بحال کرنے کے حکم کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی متعلقہ حکام کو سوشل ویب سائٹس کو بحال کرنے کا حکم دیا۔

پیمرا کی جانب سے بھی 28 گھنٹوں کے بعد ملک بھر میں نجی چینلز کی نشریات بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ 25 نومبر کوفیض آباد میں جاری دھرنا ختم کرانے کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اداروں کے آپریشن کے بعد ملک بھر میں تمام نجی چینلز اور سوشل ویب سائٹس کی نشریات کو بند کردیا گیا تھا۔

پی ٹی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ سوشل سائٹس کو امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر وزارت داخلہ کے احکامات پر بلاک کیا گیا تھا، جب کہ فیض آباد اوراس کے گردونواح میں انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔

ٹی وی چینلز کی نشریات اور سوشل سائٹس پر پابندی کے بعد عوام شدید مشکلات میں رہا، ویب سائٹس کو 25 نومبر کی شام 7 بجے کے قریب بلاک کیا گیا تھا تاہم 26 نومبر کو پی ٹی اے نے متعلقہ حکام کو سوشل سائٹس بحال کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد رات 8 بجے کے بعد سوشل سائٹس کو بحال کرنے کا آغاز کیا گیا۔

سوشل سائٹس کو مرحلہ وار بحال کیا گیا، سب سے پہلے فیس بک کو بحال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں