203

پاکستان اور چین کے مابین تجارت کے توازن میں بہتری

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ وژن دنیا کو قریب تر لا رہا ہے، چینی قیادت نے عالمگیریت کی سوچ کو ترقی کے سفر میں تبدیل کر دیا ہے، صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے پاک۔چین تعلقات کو نئی جہت دی، آزادانہ تجارت کے دوسرے معاہدے سے پاکستان اور چین کے مابین تجارت کے توازن میں بہتری کا امکان ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں چینی میڈیا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا ایک ایسا منصوبہ ہے جو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان نے پاک۔چین تعلقات کو نئی جہت دی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی مرحلہ کے منصوبوں کی مالیت 30 ارب ڈالر جبکہ کل سرمایہ کاری 60 ارب ڈالر تک پہنچ رہی ہے، سی پیک کی بدولت پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی اور صنعتی تعاون کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سی پیک کا طویل المیعاد پروگرام منظور ہو چکا ہے جو پاک۔چین تعاون کو نئی بنیادیں فراہم کرے گا۔ یہ پروگرام پاکستان کے مجوزہ 12ویں 5 سالہ منصوبے کا اہم حصہ ہو گا اور سی پیک روٹس سے پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے۔ سرتاج عزیزنے کہا کہ سی پیک صنعتی تعاون سے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی ممکن ہو رہی ہے۔ سی پیک ایک علاقائی منصوبہ کی صورت اختیار کر چکا ہے جس نے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں، چین، پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک یہاں قائم ہونے والے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز میں چینی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے انڈسٹری کلسٹرز اور سمارٹ سٹیز قائم کی جائیں گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے پاکستان نے انتہائی سرمایہ کار دوست پالیسی وضع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت زونز میں کئی دیگر مراعات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، زرعی شعبہ میں تعاون سے پاکستان کو مختلف مصنوعات چین برآمد کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ تجارت کے دوسرے معاہدہ سے پاکستان اور چین کے مابین تجارت کے توازن میں بہتری کا امکان ہے، ان مصنوعات میں اجناس، کاٹن، چینی، سبزیاں، فروٹس، گوشت اور دیگر اشیاء شامل ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تمام صوبے سی پیک کے معاملہ میں یکسوں اور استفادہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

تبصرے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں