239

رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین نے چترال اور دروش گرڈ اسٹیشن کا دورہ کیا؛بجلی ترسیل کے انتظامات کو تیز کرنے کی ہدایت

چترال(نامہ نگار)ایم این اے چترال شہزادہ افتخارالدین نے دروش اور چترال کے گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور چترال کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جاری کام کے رفتار کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورے سے قبل گولین گول سے چترال کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے اور کام مکمل کرنے کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی نے چترال اور دروش کے گرڈ اسٹیشن کا دورہ کیا، واپڈا کی طرف سے چترال کو بجلی کی فراہمی کیلئے پہنچائے گئے نئے مشینوں کا معائنہ کیا۔ رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چترال اور دروش کے ساتھ ساتھ سب ڈویژن مستوج کو بھی ہر حالت میں گولین گول پراجیکٹ سے بجلی کی ترسیل کو ممکن بنایا جائے ۔ اس موقع پر موجود عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہااگلے مہینے میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی چترال کے اپنے دورے کے دوران چترال کو بجلی کی فراہمی کا باضابطہ افتتاح کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن مستوج کو گولین بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں انہوں نے وفاقی حکومت کی طرف سے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور صرف صوبائی حکومت کے ادارے پیڈو کے ساتھ معاہدہ ہونا باقی ہے کیونکہ ان علاقوں میں ٹرانسمیشن لائن پیڈو کی ہے ۔شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے چترال میں این ایچ اے کے ذریعے سڑکو ں کی تعمیر کے ٹینڈر جاری ہونے کے بعد ان بڑے منصوبوں کے حوالے سے مخالفین کے منفی پراپیگنڈوں کا خاتمہ ہو گیا اور یہ سب کچھ انکی محنت اور وفاقی حکومت کی چترال کی ترقی میں دلچسپی کی وجہ سے ہورہے ہیں۔ اس موقع پرممبر ضلع کونسل شہزادہ خالد پرویز، ویلج کونسل ناظم حاجی ناصرالدین ودیگر عمائدین بھی حاجی ظاہر خان اور دروش کے دوسرے عمائدین بھی موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں