266

انٹر سکول ڈویژنل فٹبال مقابلوں میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ایون نے لوئر دیر سوات اور بونیر کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی

چترال ( محکم الدین ) انٹر سکول ڈویژنل فٹبال مقابلوں میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ایون نے لوئر دیر سوات اور بونیر کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی ۔ ٹیم شاندار کارکردگی کے بعد چترال پہنچنے پر اُن کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا ۔ اور عوام نے بھر پور خوشی کا اظہار کیا ۔ ٹیم کو گاڑیوں کے ایک بڑے جلوس کی شکل میں لواری ٹنل سے ایون پہنچایا گیا ۔ اور راستے میں گل پاشی کے ساتھ ساتھ مٹھائیاں تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال احسان الحق ، پرنسپل وقار احمد ، منتظمین سپورٹس ٹیم محمد نواز ،ضیاء الاسلام ، سجاد احمد او خالد ظفر بھی موجود تھے ۔ ڈی ای او نے خطاب کرتے ہوئے ایون ہائیر سکینڈری سکول کی اوٹ ڈسٹرکٹ کامیابی کو شاندار کارکردگی سے تعبیر کیا ۔ اور کہا ۔ کہ یہ صرف ایون کے عوام کیلئے نہیں پورے چترال کیلئے خوشی کا مقام ہے ۔ اس کامیابی سے سپورٹس میں چترال کا وقار بلند ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بچوں نے جو کارکردگی دیکھائی ۔ وہ لائق تحسین ہے ۔ تاہم طلباء کو اکیڈیمک سائڈ پر بھی بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا ، کہ سپورٹس کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی اسی طرح کی پوزیشن حاصل کرنے کی کو شش کریں ۔ ڈی ای او نے کہا ۔ کہ کامیاب ٹیم اگلے مرحلے میں صوبے میں اپنی کارکردگی دیکھائے گی ۔ تاہم وسائل کی شدید کمی ہے ۔ اس لئے مخیر حضرات بھی دست تعاون بڑھا کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں ۔ تاکہ یہ نوجوان چترال کا نام روشن کر سکیں ۔ پرنسپل وقار احمدنے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ ایون کے نوجوانوں نے پورے ڈسٹرکٹ چترال کی لاج رکھ لی ہے ۔ اور ان میں مزید کامیابیوں کا حوصلہ اور جذبہ موجود ہے ۔ اگر حکومت اور عوام کا تعاون جاری رہا ۔ تو نہ صرف سپورٹس کے میدان میں بلکہ نصاب میں بھی بہترین پوزیشن کے حامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم منشیات سے پاک بہترین تعلیم اور سپورٹس کا ماحول بچوں کو دینا چاہتے ہیں ۔ تاہم اس میں کمیونٹی کو ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایون مردم خیز سرزمین ہے ۔ یہاں کے اس سکول سے نہ صرف اعلی سرکاری عہدوں کے باصلاحیت افراد پیدا ہوئے ۔ بلکہ سپورٹس کے میدان میں بھی اس علاقے کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے ۔ اس سکول کے دو سٹوڈنٹ بار سلونا کے فٹبال ٹیموں میں شامل ہیں ۔ جبکہ برٹش شہزادہ کی ٹیم کو ایون سپورٹس گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ 23دسمبر سے موجودہ ٹیم صوبے کی سطح پر سکولوں کے مقابلوں میں حصہ لے گی ۔ جو ہری پور میں کھیلے جائیں گے ۔ درین اثنا مختلف مقامات پر عمائدین نے کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم چترال اور ڈپٹی کمشنر چترال سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کہ کامیاب ہونے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے پروگرام منعقد کیا جائے اور اُنہیں انعامات سے نوزا جائے ۔ تاکہ وہ مزید بہتر کارکردگی دیکھا سکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں