چترال ( محکم الدین ) انٹر سکول ڈویژنل فٹبال مقابلوں میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ایون نے لوئر دیر سوات اور بونیر کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی ۔ ٹیم شاندار کارکردگی کے بعد چترال پہنچنے پر اُن کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا ۔ اور عوام نے بھر پور خوشی کا اظہار کیا ۔ ٹیم کو گاڑیوں کے ایک بڑے جلوس کی شکل میں لواری ٹنل سے ایون پہنچایا گیا ۔ اور راستے میں گل پاشی کے ساتھ ساتھ مٹھائیاں تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال احسان الحق ، پرنسپل وقار احمد ، منتظمین سپورٹس ٹیم محمد نواز ،ضیاء الاسلام ، سجاد احمد او خالد ظفر بھی موجود تھے ۔ ڈی ای او نے خطاب کرتے ہوئے ایون ہائیر سکینڈری سکول کی اوٹ ڈسٹرکٹ کامیابی کو شاندار کارکردگی سے تعبیر کیا ۔ اور کہا ۔ کہ یہ صرف ایون کے عوام کیلئے نہیں پورے چترال کیلئے خوشی کا مقام ہے ۔ اس کامیابی سے سپورٹس میں چترال کا وقار بلند ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بچوں نے جو کارکردگی دیکھائی ۔ وہ لائق تحسین ہے ۔ تاہم طلباء کو اکیڈیمک سائڈ پر بھی بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا ، کہ سپورٹس کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی اسی طرح کی پوزیشن حاصل کرنے کی کو شش کریں ۔ ڈی ای او نے کہا ۔ کہ کامیاب ٹیم اگلے مرحلے میں صوبے میں اپنی کارکردگی دیکھائے گی ۔ تاہم وسائل کی شدید کمی ہے ۔ اس لئے مخیر حضرات بھی دست تعاون بڑھا کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں ۔