286

پرواک ہیلتھ کیمپ کو برقرار رکھنے کیلئے گل فراز کی عارضی تقرری پرواک ہیلتھ کیمپ میں کیا جائے/عمائدین وممبران وی سی پرواک

پرواک(کریم اللہ)گزشتہ روز سپورٹ گروپ پرواک ہیلتھ کیمپ، ویلج کونسل پرواک اور عمائدین پرواک کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ناظم،نائب ناظم اور اراکین ویلج کونسل پرواک، سپورٹ گروپ پرواک ہیلتھ کیمپ کے علاوہ معتبرات نے بھی شرکت کیں۔اس موقع پر شرکاء نے گزشتہ دس برسوں سے پرواک کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر عارضی کیمپ کو برقرار رکھنے پر ڈی ایچ او اور ڈی ایم ایس پی پی ایچ آئی کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ساتھ ہی اس کیمپ میں عوام کو بہتر انداز سے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر گل فراز اور آمنہ بی بی کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شرکا ء نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اورڈی ایم ایس سے درخواست کی کہ وہ علاقے کے لوگوں کی مجبوریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کیمپ کو مزید برقرار رکھنے اور اس کے لئے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ چونکہ گل فراز کا پروموشن کے بعد یہاں سے تبادلہ ہوچکا ہے لہذاڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے مطالبہ کیا کہ وہ پرواک کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گل فراز کی عارضی تعیناتی پھر سے پرواک ہیلتھ یونٹ میں کردیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر ہوسکے۔
یاد رہے 600 گھرانوں پر مشتمل ویلج کونسل پرواک اپر چترال کا دوسرا بڑا ٹاؤن ہے۔ بروغل اور شندور روڈ یہاں سے گزرنے کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ اگر علاقے سے یہ ہیلتھ یونٹ بھی ختم کردیا گیا تو عوام کے ساتھ حادثات میں زخمی ہونے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں