229

کلین اینڈ گرین چترال کے حوالے سے ڈی سی چترال ارشاد سدھیر کے زیر صدارت ویلج کونسل جغور میں پروگرام منعقد

چترال /کلین اینڈ گرین چترال کے حوالے سے ویلج کونسل جغور نے مقامی سکول میں ایک پروگرام منعقدکیا جس میں پلاسٹک سے بنی شاپنگ بیگ کی جگہ کپڑے سے بنے ہوئے تھیلوں کو رواج دے کر ماحول کوآلودگی سے بچانے کے لئے تھیلے تقسیم کئے گئے جبکہ اس کا افتتاح گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور عمران خان نے دورہ چترال کے موقع پر کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے مقامی لوگوں میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جغور کے ویلج ناظم سجاد احمد خان کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے انہیں دوسروں کے لئے قابل تقلید قرار دیا۔ انہوں نے سکول کے بچوں سمیت دوسرے لوگوں سے اس موقع پر وعدہ لیا کہ وہ پلاسٹک سے بنی ہوئی شاپنگ بیگز کی حوصلہ شکنی میں کردار ادا کریں گے اور مقامی دکانداروں سے یہ تھیلے قبول نہیں کریں گے۔ ڈی سی چترال نے کہاکہ اب کپڑے سے بنے ہوئے تھیلے چترال میں بھی تیار کئے جائیں گے تاکہ ان کی دستیابی عام ہونے کی وجہ سے ان کا استعمال بھی عام ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی قدرتی حسن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے بہترین ٹورسٹ ریزرٹ میں تبدیل کیا جائے گا اور صاف ماحول کے بغیر یہ ممکن نہیں ہوگا اور ہمیں پولی تھین بیگز سے مل کر نجات حاصل کرنا ہوگا۔ اس سے قبل مقامی لوگوں نے جغور گول میں پانی کے گزرگاہ ندی کے ساتھ گجر برادری کے گھروں سے پانی کو آلودہ اور ناقابل استعمال بنانے کی شکایت کی ،سڑکوں کے نزدیکی نالوں سے مسائل،ہنجگول روڈ کی کشادگی اورجغور گاؤں کے اندر بھی تجاوزات کی طرف توجہ دلائی جس پرڈی سی نے موقع پر موجود اے سی چترال کو ہدایت کردی کہ صورت حال کا جائز ہ لے کر مناسب قدم اُٹھایا جائے۔ اس موقع پر جغورکے عوام نے وی سی ناظم سجاد احمد خان کی صفائی کے حوالے سے انتھک کوششوں اور بحیثیت چیرمین آل ویلج ناظمین فورم دوسرے ویلج کونسلوں میں کلین اینڈ گرین چترال کے حوالے سے کام کرنے پر ان کی خدمات کی تعریف کی۔ پروگرام میں اے سی عبدالاکرم،سکول ہیڈ ماسٹر منیراحمد،انجینئر فہیم جلال علاقہ معززین ،اساتذہ اور سکول کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں