263

الیکشن پر بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن پر بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں اور کچھ لوگ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت 2018ءکے انتخابات کو گردوغبار کے حوالے کررہے ہیں۔جماعت اسلامی بروقت الیکشن چاہتی ہے تاکہ ملک میں جمہوریت کا پہیہ چلتا رہے۔قرضے معاف کرانے اور دولت بیرون ملک منتقل کرنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔جاگیردار اور سرمایہ دار حکمران ٹولہ حقیقی جمہوریت کی راہ میں سب سے بڑی رکاو ٹ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فیوڈلز کرپشن اور لوٹ مار کی دولت کے بل بوتے پر پورے الیکشن پراسس کو یرغمال بناتا ہے اور الیکشن لڑنے کی بجائے الیکشن کو اغواءکرتاہے جس کی وجہ سے ملک میں مڈل کلاس اور دیانتدار قیادت سامنے نہیں آسکی۔ظالم،جاگیردار اور سرمایہ دار سیاست کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں۔ستر سال سے یہی کرپٹ اور بد دیانت ٹولہ مسلسل عوام کو جمہوریت کے نام پر دھوکہ دے رہا ہے اور جمہوریت کے لبادے میں ملک پر بدترین آمریت کا راج ہے ۔ مارشل لاءدور میں یہ سیاستدان حکمرانوں کے دست و بازو بن جاتے ہیں اور نام نہاد جمہوری حکومتوں کے دور میں تمام اختیارات اسی ٹولے کے ہاتھ میں رہتے ہیں ۔ یہ جھنڈے اور پارٹیاں بدلتے ہیں مگر سب کا ماٹو ایک ہے کہ قومی خزانے کو کس طرح لوٹنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاستدانوں کا دامن صاف ہوتا تو قوم کو کبھی مارشل لاﺅں کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ مفاد پرست سیاست دان سیاست کو ایک گھوڑے کی طرح استعمال کرتے ہیں اور اس گھوڑے کی باگیں ہمیشہ امریکی سامراج اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں ہوتی ہیں ۔ یہ قومی مفاد نہیں ہمیشہ عالمی طاقتوں کے اشاروں پر چلتے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں روزانہ ہونے والی بارہ ارب روپے کی کرپشن پر قابو پالیا جائے تو ملک میں روزانہ نشتر میڈیکل کالج جیسے چھ میڈیکل کالج ، پنجاب یونیورسٹی جیسی ایک بڑی یونیورسٹی بنائی جاسکتی ہے ۔ روزانہ پچاس میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور دو کروڑ 26 لاکھ تعلیم سے محروم بچوں کو مفت تعلیم دی جاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں اصل مسئلہ ان وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور لوٹ مار ہے جس کی وجہ سے قوم کو غربت ، جہالت اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا سامنا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد نظریاتی جمہوری اور پروگریسو جماعت ہے جس کے پاس اسٹیٹس کو کی حامی ان خاندانی پارٹیوں کے مقابلے میں ایک موثر متبادل نظام اور قیادت موجود ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی میدان میں موجود اور تین تین بار اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کا کوئی نظریہ ہے نہ ان کے پاس ملک و قوم کی خدمت کا کوئی منصوبہ ہے، ملک پر تین تین بار حکومتیں کرنی والی دونو ں پارٹیوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا صرف اپنے مفادات سمیٹے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے پاس ایک آفاقی نظریہ ہے جس کی بنیاد پر یہ ملک قائم ہواتھا اور ترقی و خوشحالی کا وہ منصوبہ ہے جس میںتعلیم ، روزگار اور چھت سے کوئی محروم نہیں رہے گا ۔ انہوںنے کہاکہ تمام ملکی مسائل کا حل نظام مصطفےٰ کے نفاذ میں ہے ۔ ملک سے سودی نظام کا خاتمہ اور زکوة کا پاکیزہ نظام رائج کر دیا جائے تو ملک کی سالانہ آمدن تین گنا بڑھ سکتی ہے ۔ سراج الحق نے اس یقین کا اظہار کیاکہ قوم ان لیٹروں کے چنگل سے نکل کر آج نہیں تو کل ضرور جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوگی کیونکہ اس کے بغیر ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نجات نہیں مل سکتی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں