214

متعدد دفاتر اور دکانوں کے تالے توڑنے والا عادی مجرم دروش پولیس کے ہتھے چڑھ گیا؛ منشیات و آلہ واردات بر آمد

دروش( نامہ نگار)دروش پولیس نے ایک کامیاب کاروائی کے دوران عادی مجرم صدام حسین ولد چراغ حسین سکنہ گرومیل درو ش کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چند دنوں کے دوران دروش بازار ایریا میں متعدد دفاتر ، رہائشی فلیٹ اور دکانوں کے تالے توڑ کر نامعلوم چور نقدی و دیگر سامان چرا لئے تھے ۔ اس بابت رپورٹ ہونے پر دروش پولیس نے نامعلوم چور کو پکڑنے کے لئے تگ و دو شروع کی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور عادی مجرم صدام حسین کو پولیس نے پکڑ لیا۔ دروش پولیس کے ایس ایچ او سب انسپکٹر بلبل حسن نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ ملزم صدام حسین اس سے قبل بھی چوری کی وارداتیں کر چکا ہے اور یہ ایک عادی مجرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں ہونے والے ان واقعات کی وجہ سے کافی پریشانی کا سامنا تھا کیونکہ مذکورہ چور رات کے وقت مختلف دفاتر اور دکانوں کے تالے توڑ کر نقب لگاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بھرپور کوشش کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور اسکے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونیوالا آلے سمیت آدھا کلو چرس بھی بر آمد کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ درایں اثناء عوامی حلقوں نے پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دروش پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عادی مجوموں کو سخت سے سخت سزا دیجائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او دروش بلبل حسن نے یقین دلایا ہے کہ پولیس ایسے افراد کے گرد گھیرا مزید تنگ کریگی اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا اور اس سلسلے میں عوام بھی پولیس کے ساتھ اپنا مکمل تعاؤن جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں