212

الیکشن کمیشن کا فیصلہ منظور نہیں، چترال کے صوبائی اسمبلی کی سیٹ بحال کی جائے/جمعیت علمائے اسلام

چترال(چ،پ)جمعیت علما ء سلام چترال نے الیکشن کمیشن کی طرف چترا ل کے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کو ختم کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے ۔ اس سلسلے میں جے یو آئی کے ضلعی امیر قاری عبدالرحمن قریشی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالشکور،قاری وزیر احمد ،مفتی شفیق احمد،صوبدارمیجرعبدالصمد اور دیگر ساتھیوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات کی طرف سے جاری کئے گئے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ ہواکہ چترال اب دو ضلعوں میں تقسیم ہوچکا ہے اور چارتحصیلیں بن چکی ہیں اسلئے آبادی کو پیش نظر رکھ کر سیٹوں کی تقسیم چترالی عوام سے بڑی زیادتی ہے،پاکستان میں کہیں بھی دو اضلاع کے لئے ایک صوبائی سیٹ نہیں ہے،لہذا یہ چترال کے ساتھ انتہائی زیادتی ہوگی۔ہم اس فیصلہ کو چترال کو پتھر کے زمانے کی طرف لیجانے کی ایک سازش سمجھتے ہیں۔ لہذا الیکشن کمیشن اور تمام قومی پارٹیزچترال کو استثنیٰ دیکر دو صوبائی سیٹوں کو بحال رکھیں۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ جے یو آئی چترال عنقریب اس حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں