211

جماعت اسلامی صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے صوبے کی مجموعی تعمیر وترقی کیلئے اپنی کوششیں کررہی ہے،مظفر سید

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا محور و مقصد حقیقی معنوں میں ملک کو ترقی یافتہ بنانا اور خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے جماعت اسلامی صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے صوبے کی مجموعی تعمیر وترقی کیلئے اپنی کوششیں کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز دیر پائیں کے علاقے و اتنگی میں جماعت اسلامی کے شمولیتی جلسے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ کارکنان حاجی محمد واحد، داود سید، حاجی عجیب اللہ خان، حاجی وزیر گل ، حبیب اللہ خان، وزیر محمد خان، خلیل الرحمان ،محمد لائق سمیت دیگر سینکڑوں افراد نے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں باقاعدہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلع امیر سمیت ڈسٹرکٹ ممبر شاد نواز خان اور پارٹی کے مقامی قائدین، کارکنان اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی یہ اولین کوشش ہے کہ غریب عوام کو ان کے تمام حقوق ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں کیونکہ اس سے پہلے متعدد سیاسی پارٹیوں نے عوام سے خالی وعدوں پر ووٹ تو لیا ہے مگر اقتدار میں آنے کے بعد انہیں اپنی ہی حالت پر چھوڑ دیا ہے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوشش کی ہے اور عوامی فلاح کیلئے حکومت نے جو اہم قوانین پاس کئے ہیں ان میں جماعت اسلامی کا کلیدی کردار ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ عوام کے دیرینہ مسائل کے خاتمے کا جماعت اسلامی کو ادراک ہے اس لئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دیر پائیں پہلے بھی جماعت اسلامی کا گڑھ تھا اور آئندہ انتخابات میں بھی علاقے سے دوبارہ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ پارٹی میں ان کو عزت و تکریم کا مقام دیا جائے گا اور ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھر پور کوشش کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں