282

چترال کی دو نشستوں میں ایک کو ختم کرنے کے خلاف چترالی عوام کا پشاورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا اسمبلی میں ضلع چترال کی دو نشستوں میں ایک کو ختم کرنے کے خلاف چترال کے عوام نے پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔پشاور پریس کلب کے سامنے چترال کی بزنس کمیونٹی کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہرین نے الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ صوبائی اسمبلی میں ضلع چترال کی نشست دوبارہ بحال کی جائے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چترال بزنس کمیونٹی کے سربراہ صادق امین نے کہا کہ چترال کے عوام کو عرصہ دراز سے ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ اب اسمبلی میں ضلعے کی نمائندگی کم کرنا ان کے ساتھ سراسر نا انصافی اور زیادتی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ مردم شماری نتائج میں حقائق کے برعکس آبادی ظاہر کی گئی ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اس بنیاد پر چترال کی ایک سیٹ ختم کردی لہٰذا اسے دوبارہ بحال کیا جائے۔یاد رہے کہ حالیہ مردم شماری نتائج کے بعد الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں ردوبدل کردی تھی جس کے تحت خیبرپختونخوا اسمبلی کی نئی حلقہ بندیوں میں ایبٹ آباد، چارسدہ، چترال، ہری پور اور صوابی سے ایک ایک سیٹ کم دیا تھا جبکہ پشاور کو 3 اور سوات اور لوئر دیر کو ایک ایک اضافی نشست دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں