355

حکومت بلدیات کے ملازمین کو درپیش مسائل اپنے ہی مسائل سمجھتی ہے،عنایت اللہ خان

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے ریٹائرڈ اور دوران ِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو باالترتیب25 فیصد اور100 فیصد کوٹے کے تحت بھرتی پرفوری عملدرامداور ملازمتی ڈھانچے کی تشکیل سمیت ان کے دیگر جائز مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن خیبر پختونخوا کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے جاری کیں۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری بلدیات شرافت ربانی،صدر ایل جی ورکرز فیڈریشن ملک محمد نوید اعوان اور فیڈریشن کے مختلف اضلاع کے نمائندوں نے شرکت کی۔صدر ملک محمد نوید نے محکمہ بلدیات کے ملازمین کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پرسینیٹر سراج الحق اور سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف نکات پر مشتمل چارٹرد آف ڈیمانڈ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔سینئر وزیر نے وفد کے مسائل انتہائی غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت بلدیات کے ملازمین کو درپیش مسائل اپنے ہی مسائل سمجھتی ہے اور تمام ملازمین کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے مگر بلدیاتی ملازمین کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے ذاتی حقوق کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے پوری تندہی سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات کی بدولت محکمہ بلدیات کی آمدنی ایک ارب سے بڑھ کر 6 ارب روپے ہوگئی ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش بھی موجود ہے۔وزیر بلدیات نے وفد کو یقین دلایا کہ ملازمین کے الائونسز میں اضافے سمیت ان کے دیگر مطالبات پر سنجیدگی سے غور وخوض کریں گے اور محکمہ خزانہ سمیت تمام متعلقہ محکموں سے اس بارے میں تجاویز لی جائینگی تاکہ ملازمین کی مشکلات کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔انہوں نے صفائی کے حوالے سے محکمہ بلدیات کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے ضمن میں آج کا خیبر پختونخوا کل کے صوبہ سرحد سے یکسر مختلف ہے اور اس امر کا اعتراف نہ صرف حکومت بلکہ عوام بھی کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملازمین اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں