195

مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہمیشہ سے اولین ترجیح رہا ہے،عنایت اللہ خان

پشاور(جنرل رپورٹر)سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہمیشہ سے اولین ترجیح رہا ہے ۔بین الاقوامی اداروں کے مطابق پورے ملک میں سب سے بہترین بلدیاتی نظام خیبرپختونخوا میں ہے ۔ صوبے میں میرٹ پر بھرتیاں کی ہیں ۔جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت میں رہتے ہوئے تعلیمی اصلاحات کی ہیں اور تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن لازمی قرار دے کر قرآن کے نفاذکو عملی بنایا ہے۔ نجی سود کے خلاف قانون سازی کی۔ وہ مختلف چینلز کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ عنایت اللہ خان نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پورے ملک سے بہتر بلدیاتی نظام دیا ہے جس کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا ہے ۔ صوبے میں اختیارات کو حقیقی معنوںمیں عوام کو منتقل کر دیا گیا ہے اور عوام کو بااختیار بنادیا گیا ہے ۔ وسائل کے حوالے سے ہمارا صوبہ خود کفیل ہے یہاں پر معدنیات اور قدرتی وسائل خاطر خواہ مقدار میں موجود ہیں۔ اتحادی حکومت میں اپنے مینڈیٹ کے اندر ہم نے ایسے منصوبے ترتیب دیئے اور ایسے پرجیکٹ شروع کئے جس کی مثالیں ملک کے اندر اور بیرون ملک دی جا رہی ہیں۔ ہم ملک میںموجودہ سیاسی کلچر تبدیل کرنا چاہتے ہیں ہم ایسے پاکستان کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں بے روزگاری ، مہنگائی ، بدامنی ، لوڈشیڈنگ نہ ہو اور عدل وانصاف پر مبنی معاشرہ قائم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں