302

دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے بھر پور تیاری کے ساتھ اتریں گے،مشتاق احمد خان

پشاور(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 2018ء الیکشن کا سال ہے۔ دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے بھر پور تیاری کے ساتھ اتریں گے۔ فاٹا کا مسئلہ سب سے پہلے جماعت اسلامی نے اجاگر کیا۔ فاٹا پر جماعت اسلامی کی جدوجہد کو ہر شخص تسلیم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے المرکزالاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی منصوبہ عمل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امراء مولانا محمد اسماعیل ، ڈاکٹر اقبال خلیل، ڈاکٹر ظاہر شاہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز مولانا ہدایت اللہ اور حمداللہ جان بڈھنی، جمعیت اتحاد العلماء خیبر پختونخوا کے صدر مولانا عبدالاکبر چترالی، صابر حسین اعوان، خالد وقاص چمکنی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں گزشتہ منصوبہ عمل پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ 2018ء کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ۔ مشتاق احمد خان نے خطاب میں کہا کہ علماء کو جماعت اسلامی کے قریب لائیں گے اور ان کو جماعت کا ممبر بنا کر اسلامی پاکستان کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ خیبر پختونخوا میں علماء کی دینی و سیاسی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ فہم قرآن وسنت کلاسوں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا اور عوام کو قرآن و سنت کی دعوت کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی کی دعوت سے روشناس کرائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی نے صوبہ بھر میں یوتھ ممبر شپ کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنایا ہے۔ نوجوانوں کو عام انتخابات میںنمائندگی دیں گے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کے مسائل کے حل کے لئے ہم نے مہم شروع کی ہے۔ خواتین کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، اقتدار میں آکے خواتین کے ساتھ معاشرے میں ہونے والے مظالم کی تمام شکلیں ختم کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں شکست سیکولر اور لبرل جماعتوں کا مقدر ہے، انشاء اللہ صوبے میں دینی جماعتوں کی مشترکہ حکومت قائم ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں