234

ملک کی معروف قانون دان و انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ملک کی معروف قانون دان و انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

عاصمہ جہانگیر کو گزشتہ رات سینے میں تکلیف کے باعث فیروز پور روڈ پر واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

66 سالہ عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں اور وہ سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ نڈر، باہمت اور بے باک خاتون عاصمہ جہانگیر سپریم کورٹ بار کی سابق صدر بھی رہ چکی تھیں۔

عاصمہ جہانگیر آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے مقدمے میں بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں اور آخری مرتبہ انہوں نے 9 فروری کو پیش عدالت کے روبرو پیش ہوکر دلائل دیے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے عاصمہ جہانگیر کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں