232

گلگت بلتستان سی پیک سے علاقے کے لوگوں کے لئے نئے اقتصادی مواقع،دیر چترال سی پیک لنک روڈ منصوبہ کو بھی ترجیح دی جارہی ہے۔

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی اور بہبود کے لئے پر عزم ہے، پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) منصوبے سے علاقے کے لوگوں کے لئے نئے اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو سی پیک کے تحت بعض اہم منصوبوں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔

گلگت بلتستان میں بجلی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے حفیظ الرحمن نے کہاکہ موجودہ حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران موجودہ 82 میگاواٹ بجلی جو گزشتہ 70 برس سے علاقے میں پیدا کی جارہی تھی، میں54 میگاواٹ کااضافہ کیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو بتایاکہ بجلی کے واجبات کی وصولی کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے اور اس وقت وصولیاں 80 فیصد کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علاقائی پاور گرڈ کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ وزیرا علیٰ نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے تحت 180میگاواٹ کی استعداد کے 2 مجوزہ بجلی منصوبہ جات علاقے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ہوں گے۔

انہوں نے وزیراعظم کو خطے میں سیاحت کے فروغ کے لئے گلگت بلتستان حکومت کی کاوشوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تجویز کیاکہ گلگت کے لئے پی آئی اے کی پروازوں میں اضافہ علاقے میں سیاحت کے فروغ میں معاون ہو گا۔

وزیر اعلیٰ نے کینسر ہسپتال، میڈیکل کالج اور کارڈیالوجی سنٹر کے قیام سمیت گلگت بلتستان کے عوام کے لئے مختلف بڑے بڑے منصوبوں پرپیشرفت کے بارے میں بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ سی پیک کے تحت گلگت بلتستان سے متعلق تمام مجوزہ منصوبہ جات کو جلد حتمی شکل دینے اور عملدرآمد کے لئے سرگرمی سے پیروی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دیر چترال سی پیک لنک روڈ منصوبہ کو بھی ترجیح دی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں