241

چترال بھر کے مساجد کے خطیب، علماء، پیش اماموں کیلئے اعزازیہ دینے کیلئے ان کی دستاویزات کی تصدیق کا دوسرا مرحلہ مکمل

چترال(نمائندہ  ) صوبائی حکومت کے پالیسی کے تحت صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح چترال میں بھی جامع مساجد کے خطیبوں، پیش اماموں کیلئے ماہوار اعزازیہ دینے کے سلسلے میں ان علماء کے دستاویزات کی تصدیق کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہوا۔ اس سلسلے میں شاہی مسجد چترال میں ایک تقریب بھی منقعد ہوئی جس میں چترال کے تمام علماء نے شرکت کرتے ہوئے اپنے دستاویزات تصدیق کیلئے پیش کئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال ساجد نواز مہمان خصوصی تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ خطیب مولانا فضل مولا نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام جامع مساجد کے خطیب صاحبان کو ماہوار دس ہزار روپے اعزازیہ دی جائے تاکہ ان کے مالی مشکلات میں کمی کی جاسکے۔
اے سی چترال ساجد نواز نے کہا کہچیف سیکرٹری نے صوبائی حکومت کی پالیسی کا اعلامیہ تمام اضلاع میں بھیج کر ہدایت کی ہے کہ ان تمام مساجد کے خطیبوں کو ماہوار اعزازیہ دی جائے جہاں باقاعدگی سے جمعے کی نماز ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ان خطیبوں کو بلایا گیا تھا مگر اس فارم میں کچھ مزید کام کرنا رہ گیا تھا جس کیلئے ان کو دوبارہ بلایا گیا جس میں وہ اپنے کاغذات کی تصدیق کے ساتھ ساتھ بنک اکاؤنٹ اور رابطہ کا نمبر بھی دینگے تاکہ ان کا اعزازیہ ان کے اکاؤنٹ میں چلا جایا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ان میں تقریر، قراًت اور نعت خوانی کا بھی مقابلہ ہوگا اور پوزیشن لینے والے شرکاء کو انعام دیا جائے گا۔
مولانا اسرا رالدین الہلال نے اس اقدام کو احسن قراردیا اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ نہایت نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کاغذات جمع کرے۔ اس دوران سوال و جواب کا نشست ہوا جس میں شرکاء نے اس اعزازیہ کی دورانیہ کے بارے میں پوچھا جس کا جواب دیتے ہوئے اے سی ساجد نواز نے کہا کہ جونہی یہ مرحلہ مکمل ہوگا ان کا ماہوار اعزازیہ جاری ہوگا اور پھر بند نہیں ہوگا جس میں بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے علماء سے خواتین کے حقوق کے بار ے میں بھی رائے طلب کی جس پر متعدد علماء نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو برابر کا حصہ ملتا ہے اور جنگلات کی رائلٹی میں بھی خواتین کا پورا حصہ ہے۔اس موقع پر چند شرکاء نے قرات، حمد اور نعت شریف بھی پیش کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتا یا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی ہے کہ جو وفاق المدارس سے فارغ ہو اور کسی جامع مسجد میں خطیب ہو تو ان کو ماہوار اعزازیہ ملے گی۔
انجینئر فہیم الجلال اسسٹنٹ ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ رورل ڈیویلپمنٹ نےبتایا کہ ان علماء کی دستاویزات کی تصدیق ان کے محکمے کے سیکرٹریوں کے ذریعے ہورہے ہیں جس سے وہ بھی اور شرکاء بھی مطمئن ہیں۔ دستاویزات کی تصدیق کے مرحلے میں پانچ سو کے قریب خطیب صاحبان نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں