379

خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں کو مفت کتابوں کی ترسیل کا سلسلہ شروع

نئے تعلیمی سال کے قریب آتے ہی خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بُک بورڈ نے سرکاری سکولوں کو مفت کتابوں کی ترسیل کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

بورڈ حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں پرائمری سے ہائیر سیکنڈری سکولوں تک کے طلبہ کےلئے 5 کروڑ 55 لاکھ جبکہ فاٹا کےلئے 53 لاکھ کتابیں چھاپی گئی ہیں جن پر 3 ارب 15 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بُک بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت سمیت 7 اضلاع میں کتابوں کی ترسیل مکمل کرلی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ 18 اضلاع کو کتابوں کی فراہمی کا سلسلہ رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی تعلیمی بورڈ نے بھی اپنے اداروں کو خیبرپختونخوا کے تعلیمی نصاب سے مدد حاصل کرنے کی تجویز دی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے اپنے زیر انتظام تمام تعلیمی اداروں کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے طلبہ کو اردو، فزکس اور انگلش کے مضامین سال 2006 کا نصاب پڑھایا جائے اور اس ضمن میں خیبرپختونخوا کے نصاب سے مدد لی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں