206

حکمران اتحاد کو شکست، اپوزیشن کے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب

اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں جاری سینیٹ اجلاس میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے لیے اپوزیشن اتحاد کے سلیم مانڈوی والا اور ن لیگ کے عثمان کاکڑ کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔

اس سے قبل ایوان بالا کے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آیا جہاں مسلم لیگ ن کے راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن اتحاد کے صادق سنجرانی میں مقابلہ تھا۔ صادق سنجرانی نے 57 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ اس کے مقابلے میں راجہ ظفر الحق کو 46 ووٹ ملے۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے گزشتہ روز  سینیٹ چیئرمین کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے سلیم مانڈوی والا کا نام پیش کیا تھا۔

دوسری جانب  فاٹا اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی اپوزیشن امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ سینیٹ کا ایوان 104 ارکان پر مشتمل ہے جس میں ن لیگ کے 33، پی پی پی 20، پی ٹی آئی 12، آزاد 17، ایم کیو ایم 5، نیشنل پارٹی 5، جے یو آئی 4، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی 3، جماعت اسلامی 2 اور بی این پی مینگل، فنکشنل لیگ اور اے این پی کا ایک ایک سینیٹر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں