204

گولین گول بجلی گھر سے بجلی کی حصول کے لئے بروز،گہریت اورایون کے عوام کا دھرنا بروزکے مقام پردوسرے روز میں داخل ہوگئی

چترال (نمائندہ  ) حال ہی میں افتتاح شدہ واپڈا کے گولین گول بجلی گھر سے بجلی کی حصول کے لئے چترال شہر کے نواحی دیہات بروز، گہیریت اور ایون کے عوام کا دھرنا بروز کے گولدہ کے مقام پر دھرنادوسرے روز میں داخل ہوگئی ۔ ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے بھی دھرنے کے مقام کا دورہ کیا اور بجلی کے حصول کے لئے عوامی مطالبے پر توجہ نہ دینے پر واپڈا اور پیسکو کو تنقید کا ہدف بناتے ہوئے کہاکہ 20میگاواٹ اضافی بجلی کو ضائع کیا تو جارہا ہے لیکن اہالیان بروز کو نہیں دیا جارہا جس سے عوام کا سراپا احتجاج بننا قدرتی امر ہے۔ دھرنے سے سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں الحاج عیدالحسین، محمد حکیم ایڈوکیٹ، سرورکمال ایڈوکیٹ، ایم آئی خان سرحدی ایڈوکیٹ ، عبدالولی خان ایڈوکیٹ ، نصرت آزاد اور دوسروں نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اگر بروز ، گہریت اور ایون کے عوام کا یہ جائز مطالبہ بدھ کے روز تک مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ مجبوراً چترال پشاور روڈ کو بروز کے علاوہ ایون اور گہیریت کے مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کرنے پرمجبور ہوں گے۔ اس موقع پر الحاج عیدالحسین نے اپنی طرف سے دھرنے میں بیٹھنے والوں کے طعام کے لئے 20ہزار روپے کا بھی اعلان کیا۔ دھرنے کے شرکاء کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور عوام میں جوش وخروش بھی دیدنی تھی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں