335

اساتذہ کی بھرتیوں کےلئے ‘این ٹی ایس’ ٹیسٹ کا نیا شیڈول جاری

یشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) نے خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی بھرتیوں کےلئے ملتوی ہونے والے ٹیسٹ کےلئے نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔این ٹی ایس کے مطابق ‘ٹی ٹی’ کے ٹیسٹ 6 اپریل، ‘سی ٹی’ کے 7 اور 8 اپریل جبکہ ‘پی ایس ٹی’ ٹیسٹ 14 اور 15 اپریل کو منعقد ہوں گے۔یاد رہے کہ 12 فروری کو خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر اور بٹگرام میں این ٹی ایس کے پرچوں کا ٹیسٹ سے قبل آؤٹ ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد صوبائی حکومت نے نہ صرف ان پرچوں کے نتائج منسوخ کردیئے تھے بلکہ تحقیقاتی رپورٹ آنے تک این ٹی ایس کے زیر اہتمام ہونے والے تمام ٹیسٹ بھی ملتوی کردیئے تھے۔پرچے آؤٹ ہونے کے معاملے کی تحقیقات کےلئے قائم کردہ کمیٹی نے 2 روز قبل اپنی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس جرم میں این ٹی ایس ادارہ ملوث نہیں بلکہ اس میں ادارے کے 4 ملازمین ملوث تھے جن کو ایبٹ آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ان ملازمین میں 2 آفس اسسٹنٹ عمر جلال خان اور فیصل، اسسٹنٹ پروگرامر منظور قادر اور ڈیٹا انٹری آپریٹر دانش آیاز قریشی شامل ہے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں 17 ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کےلئے اشتہارات جاری کئے ہیں جن کےلئے حکومت کے مطابق 7 لاکھ سے زائد اُمیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں