267

سوات نے بھی ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ قبول کرلیا، مریم

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج سوات میں عوام کا سمندر نکل آیا ہے، عوام نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر لبیک کہہ دیا جبکہ نواز شریف کا حق اور سچ کا بیانیہ ہے۔

سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یہ دو نظام کیوں ہیں،کیا پاکستان میں یہ دو نظام چلیں گے؟ جس نے آئین اور قانون توڑا وہ کمر درد کا بہانا بنا کر ملک سے فرار ہو گیا، کیا آئین اورقانون کو توڑنے والے کو واپس لانے کی کسی میں جرات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب یہاں دھماکے ہوتے تھے مشرف اور زرداری کا پاکستان تھا، سوات میںجب بارود کی بدبو تھی،تووہ مشرف کا پاکستان تھااور جب دہشت گردی مٹ گئی تو یہ نواز شریف کا پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی گلیاں اور گھر آباد ہو گئے ، کے پی میں جھوٹے اور کھوکھلے نعرے لگائے گئے، کے پی حکمران سپریم کورٹ کے پیچھے جا کر کھڑے ہو گئے اور سوات میں سڑکیں بنانے کے بجائے اسلام آباد میں سڑکوں پر جا بیٹھے۔

مریم نواز نے کہا کہ کے پی کے حکمران اور عمران خان مہرہ بن کے استعمال ہو رہے تھے،جب یہاں سیلاب آیا تھا اس وقت کہاں تھے عمران خان اور کے پی کے حکمران؟

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ اور ووٹ لےکر آنے والے کو بھی عزت دو،سینیٹ انتخابات میں جو کچھ ہوا کیا وہ آئین کے ساتھ مذاق نہیں؟ یہ سازشیں کب تک چلیں گی؟اور میں عمران خان سے پوچھتی ہوں کہ لوگوں کو بیوقوف کیوں بناتےہو؟ ادھر ادھر کے ڈرامے کیوں کرتے ہو، سیدھا کہو کہ تیر پرمہر لگائیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ زرداری اور عمران بھائی بھائی ہیں،آئندہ انتخابات میں عمران خان اپنے ووٹر کو کہیں گےکہ تیر پر مہر لگائیں، وہ جس ایجنڈے پر اکٹھے ہوئے ہیں وہ عوام کا ایجنڈا نہیں، جس جھنڈے کے نیچے اکٹھے ہوئےوہ عوام کانہیں، جس ایجنڈےپر اکٹھے ہوئے وہ ایجنڈا عوام کا نہیں اور آپ کو پتا ہے وہ جھنڈا کس کا ہے اور وہ ایجنڈا کس کاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈیل کی ضرورت نہیں جبکہ کل نیب عدالت میں پیشی کی نواز شریف نصف سنچری مکمل کرنے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں