291

صوبائی حکومت گلگت بلتستان نے سی پیک سپیشل یونٹ میں 500 پولیس آسامیوں کی منظو ری دیدی

گلگت۔ (اے پی پی)صوبائی حکومت نے کابینہ اجلاس میں سی پیک سپیشل یونٹ میں 500 پولیس آسامیوں کی منظو ری دیدی جبکہ وزیراعظم ہیلتھ کارڈ سکیم کو گلگت ڈویژن تک توسیع دیتے ہوئے اس مد میں رقم کو 3لاکھ سے بڑھاکر 9لاکھ کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔صوبائی حکومت نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات شمس میر نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں سانحہ گیاری کے شہداء کے لواحقین کو ملازمتیں، سدپارہ ڈیم کی مرمت کے لئے رقم،ملازمین کی عمر کی تصدیق سمیت کئی امور پر غورو خوض کے بعد فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک سپیشل یونٹ میں 500آسامیوں کی منظوری دیدی گئی ہے جنہیں تینوں ڈویژنوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق گلگت ڈویژن کو 188، بلتستان ڈویژن کو 165جبکہ دیامر ڈویژن کے لئے 97آسامیوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔سی پیک سپیشل یونٹ سنٹرلائزڈ نظام کے تحت کام کریگا اور اس کا مقام گلگت میں ہوگا یہ یونٹ دیگر معمول کے یونٹس کے مطابق نہیں ہوگا ان آسامیو ں میں پہلے عمر کی حد 18سال تا 22سال مقرر کردی گئی تھی جسے بڑھاکر بالائی حد کو 25سال کردیا گیا۔کابینہ اجلاس میں وزیراعظم ہیلتھ کارڈ سکیم کو دیامر اور بلتستان ڈویژن کے بعد گلگت ڈویژن تک توسیع دینے کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ اس مد میں رقم کو 3لاکھ سے بڑھاکر 9لاکھ کردی گئی ہے۔اس سکیم کے تحت بلتستان میں اب تک 64ہزار جبکہ دیامر میں 55ہزار کارڈ جاری کئے گئے ہیں جن سے لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں اس کارڈ کے حامل افراد کو گلگت میں تمام سہولیات میسر ہونگی اور ایمرجنسی مریضوں کو اسلام آباد کے معیاری ہسپتالوں میں بھی یہ سہولت میسر ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں