172

موسم بہار کا پہلا فیسٹول جشن کاغلشٹ اٹھ ہزار فٹ بلند سیاحتی مقام کاغلشٹ میں شروع ، جو چاردن تک جاری رہے گا

چترال ( محکم الدین ایونی) موسم بہار کا پہلا فیسٹول جشن کاغلشٹ جمعرات کے روز آٹھ ہزار فٹ بلند سیاحتی مقام کاغلشٹ میں شروع ہو ا۔ جو چاردن تک جاری رہے گا ۔ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے فیسٹول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ ڈپٹی کمشنر نے معروف کلوکار عبدالولی خان دول اور ستارنواز میر ولی کے ہمراہ کاغلشٹ میں پر چم کُشائی کی ۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلباء نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال سیاحوں کی جنت ہے ۔ اور یہ ضلع کلچر کے خزانوں سے مالا مال ہے ۔ اس لئے ہماری کوشش ہے ۔ کہ پاکستان اور دنیا کے لوگ سیاحت کیلئے یہاں آئیں ۔ اور لوگوں کی محبت اور پُر سکون ماحول میں تفریح کا لطف اُٹھائیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس مرتبہ ہم نے کئی نئے کھیل فیسٹول میں شامل کئے ہیں ۔ اور ہمیں امید ہے ، کہ بہت بڑی تعداد میں سیاح فیسٹول میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ضلعی انتظامیہ اور ٹورزم کارپوریشن کی ذمہ داری ہے ۔ کہ وہ اس قسم کے پروگرامات کو پروموٹ کریں ۔ اس میں ٹیلی نار کی شمولیت قابل تعریف ہے ۔ اسے دیکھا دیکھی دیگر کمپنیاں بھی حصہ لیں گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولو ایک مہنگا ترین کھیل ہے ۔ جسے چترال کے لوگوں نے صرف اپنی بے پناہ لگاؤ کی بدولت زندہ رکھا ہے ۔ اور یہ اس علاقے کی پہچان ہے ۔ تاہم اس کی بقا کیلئے دیگر اداروں کی سپورٹ انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں انٹر نیشنل سطح کی کھلاڑیاں پیدا ہو سکتی ہیں ۔ بشر طیکہ ان کو سپورٹ کیا جائے ۔ قبل ازین تحصیل نائب ناظم مستوج فخرالدین نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ فیسٹولز کا چترال کی ترقی میں بہت بڑا کردار ہے ۔ چترال کا سب سے اہم پراجیکٹ لواری ٹنل ، گولین ہائیڈل پاور پراجیکٹ سمیت کئی میگا منصوبے فیسٹول کے موقع پر اعلانات سے ہی مکمل ہوئے ۔ فیسٹول سے ہمارے نوجوان باشعور ہو رہے ہیں ۔ اور اُنہیں صحت مند تفریح میسر آنے کے ساتھ ساتھ کاروبار کے مواقع ملتے ہیں ۔ جبکہ چیرمین جشن کاغلشٹ کمیٹی پرنس سلطان الملک نے کہا ۔ کہ یہ جشن ریاستی دور سے ہوتا ہوا آیا ہے ۔ اور اس کا مقصد چترال کی ثقافت کا تحفظ کرنا اور اُسے اُجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا تعاون قابل تعریف ہے ۔ تاہم اس جشن کو اپنی مرضی سے منانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی ۔ اور وہی لوگ اس کو بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں ۔ جوصدیوں سے اسے انجام دیتے آئے ہیں ۔جشن کاغلشٹ ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخوا ، ٹیلی نار ، آغا خان رورل سپورٹ پروگرام ، سرحد رورل سپورٹ پروگرام تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن مستوج اور ضلعی انتظامیہ چترال کے اشتراک سے منایا جا رہا ہے ۔ فیسٹول میں چترال کے معروف کھیل پولو ، پہاڑی دوڑ ، والی بال ، کرکٹ ، رسہ کشی ، نشانہ بازی کے مقابلے شامل ہیں ۔ جبکہ مقامی نوجوان چار دنوں تک مسلسل پیراگلائڈنگ کا مظاہرہ کریں گے ۔ اور مشاعرہ اور کلچر شو منعقد کئے جائیں گے ۔ ۔ یہ جشن چار دن تک جاری رہے گا ۔ اور اس میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email