296

چترال اس وقت حکومت کی سب سے زیادہ توجہ کا محتاج ہے ۔ رحمت الہی

چترال (محکم الدین محکم) سابق ناظم یوسی ایون اور حالیہ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال رحمت الہی نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ کسان پیکج کی ابتدا چترال سے کیا جائے ۔ کیونکہ چترال اس وقت حکومت کی سب سے زیادہ توجہ کا محتاج ہے ۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ۔ کہ وزیر اعظم پاکستان کا کسان پیکیج پاکستان اور خصوصا چترال جیسے پسماندہ علاقوں کی زرعی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ اور اس سلسلے میں ہم وزیر اعظم کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ حکومت ان اعلانات کے فوائد عام کسان تک پہنچانے کو یقینی بنائے کیونکہ اس پہلے بھی اس قسم کے اعلانات تو ہوتے رہے ۔ لیکن اُن کے فوائد سے عام کسان محروم رہے ہیں ۔رحمت الہی نے کہا ۔ کہ کسانوں کو حکومتی وعدوں کے باوجود اچھی بیج اور کھاد ابھی تک نہیں ملے ۔ جس کا چترال کے لوگ شدت سے انتظار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ قیام پاکستان سے اب تک کسان انتہائی قابل رحم حالت میں زندگی گزار رہے ہیں ۔ یہ مجبور اور لاعلم طبقہ آج تک بینکوں اور مالیاتی اداروں میں حکومت کی طرف سے دیے جانے والے قرضے حاصل کرنے سے بھی محروم رہا ہے ۔ اور اس کا بہانہ بناکر دوسرے لوگ مفادات حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے وزیر اعظم سے چترال کو خصوصی طورپر زرعی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ۔ اور کہا ۔ کہ چترال کے لوگ پسماندہ ہیں ۔ جو ایسے حکومتی مراعات حاصل کرنے میں بہت پیچھے رہے ہیں ۔ اس لئے چترال کیلئے مخصوص پیکیج ہی اس ضلع کے کسانوں کیلئے سود مند ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی اپیل کی ۔ کہ چترال میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے لوگ در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ ابھی تک اُن کو بسانے کیلئے حکومت کی طرف سے کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے ۔ جبکہ چترال میں سردی شروع ہو چکی ہے ۔ اب کھلے آسمان تلے وقت گذارنا کسی بھی انسان کیلئے ممکن نہیں ۔ اسلئے ان متاثرین کو بسانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں