319

پی ٹی آئی کا ایک بھی منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باوجود چترال میں مثالی ترقیاتی کام ہوئے؍شہزادہ امان الرحمان

چترال(محمدرحیم بیگ سے) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کا ایک تعارفی پروگرام مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت ضلعی صدر عبدالطیف کررہے تھے جبکہ شہزادہ امان الرحمان سینئر نائب صدر مہمان خصوصی تھے۔ تعارفی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے پاکستان تحریک انصاف کی چار سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کام ان چار سالوں میں ہوئے ہیں پچھلے ستر سالوں میں بھی نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں گیارہ عدد آر سی سی پل تعمیر کئے گئے اور ایک مکمل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پہلے لوگ سفارش یا رشوت پر بھرتی ہوا کرتے تھے ابھی این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک بھی منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باوجود چترال میں مثالی ترقیاتی کام ہوئے۔ کنونشن میں بعض رہنماؤں نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے علیحد ہ ضلع کا اعلان کیا تھا مگر ابھی تک اس کا نوٹیفیکیشن نہیں آیا اس طرح صوبائی اسمبلی کی ایک نشست بھی ختم کی گئی۔ جس کی وجہ سے چترال کو بہت نقصان پہنچا ہے ، پارٹی کی ضلعی قیادت آپس میں ایک دوسرے کے ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر شہزادہ امان الرحمان نے عمران خان کے منشور کی پیروی کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر تمام کارکنوں سے مشاورت کی کہ اگلے انتخابات میں اگر وہ ان کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہیں تو وہ ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کریں گے ۔ بصورت دیگر وہ اپنا فیصلہ تبدیل کریں گے ، جس پر تمام شرکاء نے ان کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس پر زور دیا کہ وہ ضرور ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرے کیونکہ عوام کو اُن جیسے دیانت دار اور مخلص لیڈر کی ضرورت ہے جس کاکوئی ذاتی مفاد یا لالچ نہیں ہے۔ تعارفی اجلاس میں مقررین نے صوبائی قیادت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی فرقے کالاش کیلئے صوبائی اسمبلی میں خصوصی نشست مختص کی جائے تاکہ کالاش جو چترال میں سب سے بڑا اقلیتی قبیلہ ہے ۔ اُس کو نمایندگی ملے ۔ اور قائد تحریک انصاف جس نے پہلے بھی اس قبیلے کو نمایندگی دینے میں دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں ۔ وہ رو بہ عمل ہو سکے ۔ اپنے صدارتی خطبہ میں ضلعی صدر عبد الطیف نے کارکنوں کو امید دلادی کہ وہ مایوس نہ ہو ں اور آنے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف سویپ کرے گی۔ کیونکہ جتنے ترقیاتی کام ان کے پارٹی کے دور حکومت میں ہوئے ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ تعارفی پروگرام سے فخر اعظم، ضیا ع الرحمان، ثمین جان، غلا م مصطفےٰ ایڈوکیٹ، نابیگ شراکٹ کالاش ایڈوکیٹ، سلطان محمد، شربت خان، مس صوبیہ پروین، فضل الدین، آفتاب ایم طاہر، یحیٰ خان، عبد الولی ایڈوکیٹ، شاہد خان، عبد الصبور، منظور قادر، ذوالفقار علی، نذیر احمد، رضی الدین، شہزادہ امان الرحمان اور عبدالطیف نے اظہار خیال کیا۔ تعارفی نشست میں کثیر تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی جن کو بعد میں شہزادہ امان الرحمان نے ظہرانہ بھی دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں