246

عمران خان کا سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20 ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے ارکان کو شوکاز نوٹس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان کو اپنی صفائی میں ایک موقع ضرور فراہم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں گزشتہ 30،40 سال سے ووٹ بکتا رہا ہے لیکن ووٹ کی خرید و فروخت پر کوئی ایکشن نہیں لیتا تھا تاہم پہلی بار ہم نے سینیٹ میں ووٹ بیچنے والے اپنے ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا تھا اور پارٹی اراکین پر الزامات کی پوری تحقیقات کی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں نہ بکنے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں تاہم ووٹ بیچنے والے اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کیا جائے گا تاہم شوکاز کا جواب نہ دینے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھجوایا جائے گا۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس بارعام انتخابات میں کسی کو ٹکٹ بیچنے نہیں دوں گا اور اگر ٹکٹ دینے کے لیے کوئی پیسا مانگ رہا ہے تو وہ مجھے بتائیں میں ان کے خلاف کارروائی کروں گا جب کہ اس بار تمام ٹکٹ میریٹ پر دیے جائیں گے اور جب تک میں نہیں کہوں گا کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا لہذا پیسے دینے سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

عمران خان نے نوازشریف کو ملک سے باہر بھیجنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے بیرون ملک جانے سے ان کے کیس میں فیصلہ نہیں آسکے گا، جب کہ جواب دینے کے بجائے نوازشریف اداروں پرحملہ کررہے ہیں، یہ کرپشن کی یونین ہے جو جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہیں اور حکومت منی لانڈرنگ میں ملوث نوازشریف کو بچانے کی کوشش کررہی ہے کیوں کہ ان کے ساتھ موجود لوگوں کو ڈر ہے کہ کل ان کی باری آئے گی۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں سینیٹ انتخاب کے طریقہ کارمیں تبدیلی کی کوشش کی لیکن سینیٹ انتخابات میں ہماری تجاویز مسترد کی گئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کےعلیحدہ صوبےکی مکمل حمایت کرتے ہیں، جنوبی پنجاب کے ناراض ارکان سے ملاقات ہوچکی ، وہ یا تو پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر لڑیں گے یا اپنا امیدوار کھڑا کریں گے جب کہ ان کی مرضی وہ جب ہماری پارٹی جوائن کرنا چاہیں۔

عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20 اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا جن میں نرگس علی، دینا ناز، فوزیہ بی بی ، نسیم حیات، ناگینہ خان شامل ہیں جب کہ مرد اراکین میں سردار ادریس، عبید ، زاہد درانی، عبدالحق، قربان خان، امجد آفریدی، وجیہہ الزمان، بابر سلیم، عارف یوسف، جاوید نسیم ، یاسین خلیل، فیصل زمان اور سمیع اللہ زیب ٹکٹ بیچنے والوں میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں