318

متحدہ مجلس عمل ضلع چترال کے لئے امیرجے یوآئی قاری عبدالرحمن قریشی صدراورامیرجے آئی مولاناجمشیداحمدجنرل سیکرٹری مقریر

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) متحدہ مجلس عمل ضلع چترال نے ضلعی ذمہ داروں کا باضابطہ اعلان کردیا جس کے مطابق جے یو آئی کے ضلعی امیر قاری عبدالرحمن قریشی صدر اور جماعت اسلامی ضلع چترال کے امیر مولانا جمشید احمد سیکرٹری جنرل مقرر ہوگئے ۔ اپنی تقرری کے فوراً کے بعد انہوں نے دونوں جماعتوں کے ذمہ داراں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جس میں ضلعی سطح پر ایم ایم اے تنظیم کے دیگر عہدیداروں کو حتمی شکل دینے اور دیگر امور زیر غور آئے ۔ اجلاس میں ضلع ناظم مغفرت شاہ اور نائب ضلع ناظم مولانا عبدالشکور کے علاوہ جے یو آئی کے قاری وزیر احمد، مفتی شفیق ، صوبیدار میجر عبدالصمد، رحمت الٰہی، مولانا ہدایت اللہ اور جماعت اسلامی کے رہنما فضل ربی جان، قاضی سلامت اللہ ، قاری فدا محمد ، خان حیات اللہ خان شریک ہوئے۔ اندرونی ذرائع کے مطابق ایم ایم اے کے ضلعی قائدین کسی بھی وقت ضلعی کابینہ کے دیگر افراد کے ناموں کا اعلان کریں گے جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تقسیم بھی آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔
دریں اثناء ا میر جماعت اسلامی ضلع چترال مولانا جمشید احمدنے سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کا سوشل میڈیا میں اپنے آپ کو متحدہ مجلس عمل کا این اے ون چترال کا مشترکہ امیدوار قرار دینے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا چترالی کا یہ دعویٰ قبل آز وقت ہے جس کا فیصلہ ابھی تک حلیف پارٹی جے یو آئی کے ساتھ ابھی ہونا ہے ۔ اجلاس کے موقع پر انہوں نے جے یو آئی رہنماؤں کے استفسار پر بتایاکہ ان کے اس دعوے سے جماعت اسلامی کی نظم کا کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ جماعت اسلامی نے انہیں صرف قومی اسمبلی کی نشست کے لئے نامزد کیا ہے نہ کہ متحدہ مجلس عمل کے لئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں