215

خیبر پختونخوا میں ایم ایم اے کی حکومت بنے گی، سراج الحق

امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف خلائی مخلوق کا بیان دیا تو عمران خان نے 2013ء میں نادیدہ قوت کا بیانیہ دیا۔ دونوں کا بیان الیکشن اور بیلٹ بکس کیلئے خطرہ ہے۔

پشاور چمکنی میں دستار بندی کی تقریب کے موقع پر امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ابتدائی تین سالوں میں پشاور کو پھولوں کا شہر بنانے کے لیے بہت پیسہ خرچ کیا لیکن آخری سال بس ٹرانزٹ منصوبہ تاخیر سے شروع ہونے سے اب یہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کے بارے میں جس نے بیان دیا وہی بیان کر سکتا ہے کہ وہ کیسے کہہ رہے ہیں۔ اس سے ووٹر کا اعتماد مجروح ہوا ہے الیکشن کمیشن کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے مخلوق اور عمران خان کی جانب سے نادیدہ قوت کے بیانیے سے الیکشن اور بیلٹ بکس کو خطرہ ہے۔

امیرِ جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکمرانوں کو نزدیک سے دیکھا ہے، یہ مفادات کی سیاست کرتے ہیں۔ ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ حکمران نہیں بن سکتے کیونکہ ہم امریکا کو پسند نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے بہت لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت متحدہ مجلس عمل کی بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں