219

پی ٹی آئی کا سینٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے والے ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا ختمی فیصلہ

وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے سینٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے کے الزامات سے متعلق شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر14 اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ارکان کو پارٹی سے فارغ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے ان میں نرگس بی بی،زاہد درانی،عبیداللہ مایار ،دینا ناز،نگینہ خان، نسیم حیات، یاسین خلیل ،قربان خان، خاتون بی بی، بابرسلیم، جاوید نسیم، وجہیہ الزمان ،عبدالحق اور امجد آفریدی شامل ہیں۔تاہم انہوں نے بتایا کہ دیگر ارکان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے انضباطی کمیٹی کا اجلاس 2 دنوں کے اندرمنعقد ہوگا جس میں صرف انہی ارکان کے حوالے سے غورکیا جائے گا جنہوں نے شوکازنوٹس کا جواب دیا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مذکورہ ارکان نے پارٹی قیادت کی جانب سے جاری کردہ شوکازنوٹس کا جواب نہیں دیا حالانکہ انھیں اس سلسلے میں کافی وقت دیا گیا تھا اور ان کے ناموں پر کوئی نظرثانی بھی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انضباطی کمیٹی کے سربراہ اسپیکر اسد قیصر، وزیراعلیٰ پرویزخٹک سے مشاورت کرتے ہوئے دو دنوں میں کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے جس میں چھ ارکان عارف یوسف، سمیع اللہ علیزئی، فوزیہ بی بی ، معراج ہمایوں ،فیصل زمان اورسردارادریس کی جانب سے ارسال کردہ شوکازنوٹس کے جوابات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں