چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام “ملکی کپ”پولو ٹورنامنٹ بدھ کے روز احتتام پذیر ہوا جس میں ضلع بھر سے 52پولو ٹیموں نے حصہ لیا جوکہ دس دن تک جاری رہا جس کافائنل فرنٹیر کور (چترال سکاوٹس ) کی ٹیم نے چترال پولیس کو صفر کے مقابلے میں نو گولوں سے شکست دے کر فاتح قرار پائی۔ اس موقع پر ضلع ناظم مغفرت شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین، ڈی پی او منصور امان ، نائب ضلع ناظم مولانا عبدالشکور ، شہزادہ فاتح الملک علی ناصر ، عبدالولی خان ایڈوکیٹ نے کھلاڑیوں اور منتظمین میں انعامات تقسیم کئے۔ کالاش تہوار چیلم جوشٹ کے لئے چترال آنے والے سینکڑوں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے پولو ٹورنامنٹ کے میچ دیکھے جوکہ چترال کا منفرد ثقافتی ورثہ ہے۔ مین آف دی میچ کا اعزاز چترال سکاوٹس کے شہزاد احمد کو ملا جبکہ بہترین گھوڑا پالنے پر بیسٹ ہارس کا انعام چترال پولیس کے اشفاق احمد کو دیا گیا ۔ شہزادہ فاتح الملک علی ناصر نے اپنی طرف سے فاتح ٹیم کو 70ہزار روپے اوررنر اپ ٹیم کو 50ہزار روپے انعام دئیے۔