234

شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ نگران وزیراعظم کے نام پر متفق نہ ہو سکے

اسلام آباد:  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف خورشید شاہ ایک بار پھر نگران وزیراعظم کے نام پر متفق نہ ہو سکے۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل کو کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، جس میں نگران وزیراعظم کیلئے مجوزہ ناموں پر غور کیا گیا، تاہم وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کسی ایک نام پر متفق نہ ہو سکے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بتایا کہ آج وزیراعظم نے او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے استنبول جانا تھا، اس لیے آج مختصر بات ہوئی، ابھی تک کسی بھی نام کو حتمی شکل نہیں دی، منگل کو وزیراعظم کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوگی، جس کے بعد نگران وزیراعظم کے لئے حتمی نام کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نگران وزیرِاعظم کیلئے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان، گورنر سٹیٹ بینک شمشاد اختر، اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور سابق گورنر کے پی انجینئر شوکت اللہ سمیت مختلف شخصیات کے نام لئے جا رہے ہیں۔ متعلقہ حلقوں کی جانب سے ان میں سے کسی نام کی تصدیق نہیں کی جا رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں